موٹر سائیکل چور گینگ کے 3ملزم گرفتار ، 14موٹر سائیکلیں ، ماسٹر کیز ، ناجائز اسلحہ برآمد

موٹر سائیکل چور گینگ کے 3ملزم گرفتار ، 14موٹر سائیکلیں ، ماسٹر کیز ، ناجائز ...

لا ہور(کرائم رپورٹر) اینٹی وہیکل لفٹنگ سٹاف سٹی نے موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث اظہری موٹر سائیکل چورگینگ کے3ملزموں کو گرفتار کر کے ان کی نشاندہی پرلاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی14 موٹر سائیکلیں،ماسٹر کیز اور ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق اینٹی موٹر سائیکل لفٹنگ سٹاف سٹی اسسٹنٹ سب انسپکٹر خالد حسین اور دیگر اہلکاروں پر مشتمل پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں ریڈ کر کے اظہری موٹر سائیکل چور گینگ کے سرغنہ اظہر حسین عرف اظہری اور اس کے 2ساتھیوں ثناء اللہ اور فیاض احمد کو گرفتار کر کے ان سے لاکھوں روپے مالیت کی چوری کی گئی14موٹر سائیکلیں، ماسٹر کیزاور ناجائز اسلحہ برآمد کیا ہے۔ ملزمان اپنے طریقہ واردات میں تجارتی مراکز پلازوں، گھروں اور پارکنگ اسٹینڈز کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کو ماسٹر کیز کے ذریعے کھول کرفرار ہو جاتے تھے اوران کے پرزے پرزے کر کے مختلف مارکیٹوں میں لے جا کراُونے پونے داموں فروخت کر دیتے تھے۔ دوران تفتیش ملزموں نے لاہور سمیت ضلع پاکپتن کے مختلف تھانوں کی حدود سے موٹر سائیکل چوری کی درجنوں مزیدوارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزمان ریکارڈ یافتہ ہیں اور اس سے قبل بھی چوری کے مقدمات کئی مرتبہ جیل جا چکے ہیں جو رہا ہوتے ہی دوبارہ وارداتیں شروع کر دیتے تھے۔

مزید : علاقائی