سی ایس ایس آئندہ امتحانات رکوانے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

سی ایس ایس آئندہ امتحانات رکوانے کیلئے ہائیکورٹ میں درخواست دائر

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائی کورٹ میں سی ایس ایس کے آئندہ سال ہونے والے امتحانات رکوانے کے لئے درخواست دائر کردی گئی ہے ۔ایڈووکیٹ سیف الرحمان جسرا کی طرف سے دائر اس درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ پاکستان مقابلے کا امتحان انگریزی اور اردو دونوں زبانوں میں لینے کا حکم دے چکی ہے ۔درخواست میں نشاندہی کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کا سنگل بنچ فیڈرل پبلک سروس کمشن کو مقابلے کا امتحان اردو میں بھی لینے کا حکم دے چکا ہے تاہم ہائیکورٹ کے سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف فیڈرل پبلک سروس کمشن نے انٹرا کورٹ اپیل دائر کر رکھی ہے ۔معاملہ عدالت عالیہ میں زیر سماعت ہونے کے باوجود ایف پی ایس سی نے 2018 ء کے مقابلے کے امتحان کااشتہار جاری کر دیا ہے جس میں سی ایس ایس کا امتحان انگریزی کے ساتھ اردو میں لینے سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ2018 ء سی ایس ایس کا امتحان اردو میں نا لینا سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی ہے ،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ زیر سماعت اپیل کے فیصلے تک ایف پی ایس سی کمشن کومقابلے کا امتحان لینے سے روکا جائے ۔

سی ایس ایس امتحانات

مزید : علاقائی

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...