عالمی سطح پر ملی مسلم لیگ کو کالعدم قرار دیئے جانے کا امکان ہے،غیر ملکی میڈیا
واشنگٹن(آئی این پی)امریکا کی جانب سے ملی مسلم لیگ کو کالعدم قرار دیے جانے کا امکان ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا ملی مسلم لیگ اور پاکستان کی دیگر جماعتوں کو دہشت گردی پھیلانے والی تنظیموں کی فہرست میں شمار کرسکتا ہے۔قبل ازیں بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے بھارت کے پاکستان کی مزید دہشت گرد گروہوں کو عالمی دہشت گردوں کا درجہ دینے کی پیشکش کی منظوری دے دی گئی۔بھارت کی جانب سے یہ پیشکش نئی دہلی میں 18 اور 19 دسمبر کو ہونے والی پہلی بھارت-امریکا کانفرنس برائے دہشت گردی اور ماسٹر مائنڈز میں کی گئی تھی۔امریکا کے اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان کے مزید گروہوں کو کالعدم تنظیم کا درجہ دے سکتا ہے۔حکام کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی ترجیحات کے لیے پاکستان امریکا کا اہم شراکت دار ہے تاہم اس انتظامیہ نے پاکستان سے اپنی امیدیں واضح کردیں ہیں کہ پاکستان اپنی حدود سے چلنے والی دہشت گردوں اور مسلح تنظیموں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کرے۔حکام نے ان تنظیموں کے حوالے سے نشاندہی نہیں کی تاہم امریکی دار الخلافہ میں سفارتی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ اس بیان کے ذریعے اسلام آباد کو پاکستان میں حافظ سعید کی سیاسی سرگرمیوں کی اجازت دینے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120 میں ہونے والی ضمنی انتخابات میں ملی مسلم لیگ نے پاکستان پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی کے مشترکہ ووٹوں سے بھی زیادہ ووٹ حاصل کیے تھے۔حال ہی میں سامنے آنے والی میڈیا رپورٹ کے مطابق حافظ سعید 2018 کے عام انتخابات میں بھی حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ملی مسلم لیگ