3انتہا پسندوں کا اتحاد بن چکا، پاکستان امریکی دھمکی کو سنجیدہ لے: مشاہدسید

3انتہا پسندوں کا اتحاد بن چکا، پاکستان امریکی دھمکی کو سنجیدہ لے: مشاہدسید

اسلام آباد (صباح نیوز)قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے رکن سینٹر مشاہد حسین سید نے کہا ہے امریکی صدر اور دیگر حکام نے واضح دھمکی دی ہے جسے پاکستان کو سنجیدہ لینا چاہیے،دنیا میں تین انتہا پسندوں کا اتحاد بن چکا ہے ، ٹرمپ ، مودی اوربنیامین نیتن یاہو اتحاد میں شامل ہیں ۔ جمعہ کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور کے اجلاس میں سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ ہمسایہ ملک بھارت اور پاکستان میں جنگ نہیں ہو گی ،جنگ صرف سفارتی محاذ پر ہے جس میں دفتر خارجہ کا اہم کردار ہے، دنیا کے اتحاد میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نر یندر مودی اور اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو شامل ہیں، دفتر خارجہ بھی کوئی بیان جاری کرے تو اس کیساتھ اردو اور انگلش میں ایک فیکٹ شیٹ بھی جاری کرے جس میں تمام تفصیل موجود ہو ۔ کمیٹی کے رکن سینیٹر فرحت اللہ بابر نے اسامہ بن لادن کی طرح حافظ سعید کیخلا ف امریکہ کی یکطرفہ کاروائی کے بیانات کا معاملہ اٹھایااورکہا امریکہ نے حافظ سعید کے سر کی قیمت ایک کروڑ ڈالر لگا رکھی ہے، کہیں ایسا نہ ہو اسامہ بن لادن کی طرح کا کوئی آپریشن ہو جائے، سابق صدر جنرل ( ر ) پرویز مشرف کہہ رہے ہیں حافظ سعیدکوئی دہشتگرد نہیں اور بہت اچھا کام کررہاہے اس حوالے سے دفترخارجہ کا کیا موقف ہے ، جس پر سیکرٹری خارجہ نے کہا ہم ان بیا نات پر کچھ نہیں کہیں گے ،فرحت اللہ بابر نے کہا وزارتِ خارجہ نے حوثیوں کے سعودی عرب میں میزائل حملے پر یک طرفہ پوزیشن لی۔

مزید : صفحہ آخر