مدت پوری کرنا حکومت کا آئینی حق ، انتخابات وقت پر ہونگے رانا اقبال
لاہور(نمائندہ خصوصی ) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا ہے کہ مدت پوری کرنا حکومت کا آئینی حق ہے انتخابات وقت پر ہی ہونگے ۔ انتشار کی سیاست سے گریز کیا جائے ۔ 2018انشاء اللہ ملک کے لیے اچھا ثابت ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورکالج برائے خواتین یونیورسٹی ، لاہور میں انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجابی ادب کی ثقافتی تاریخ بڑی شاندار ہے۔ معروف صوفی شعراء حضرت سلطان باہو ، با با بلھے شاہ ، وارث شاہ اور شاہ حسین کی شاعری ہمارے پنجابی ادب کا سرمایہ ہے۔ عارفانہ کلام سے صوفیاء نے اپنے تجربات سے عشق حقیقی میں در پیش رکاوٹیں دورکیں۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جذبات کا اظہار جس خوبصورت اور مکمل انداز سے پنجابی میں پیش کیا جا سکتا ہے شاید ہی کسی دوسری زبان میں ممکن ہو۔ اس تین روزہ انٹر نیشنل پنجابی کانفرنس سے پنجابی زبان و ادب کو مزید تقویت ملے گی۔ سی پیک، پاکستان اور دیگر ایشائی ممالک کے لیے اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف علم دوست رہنما ہیں۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو دنیا بھر کے دورے کروائے، لیپ ٹاپ تقسیم کیے اور اربوں روپے وظائف کے طور پر دیے جو کہ تعلیم سے ان کی وابستگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔سپیکر نے کہا کہ پنجابی کانفرنس کے تحقیقی مقالے پنجابی زبان کی ترویج کے لئے کار آمد ثابت ہو ں گے ۔ سپیکر نے اپنے خطاب میں پنجابی کے اشعار اور کہاوتوں سے ماحول گرمایا اور سامعین سے خوب داد وصول کی۔
رانا اقبال