افغانستان، چین، پاکستان، ترکی، روس میں پارلیمانی اتحاد کی تجویز ٹھوس صورت اختیار کر گئی: سپیکر

افغانستان، چین، پاکستان، ترکی، روس میں پارلیمانی اتحاد کی تجویز ٹھوس صورت ...

اسلام آباد (این این آئی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ تین سال کی مسلسل کوششوں کے بعد پہلی مرتبہ خطہ کو در پیش مسائل کے حل کیلئے افغانستان ، چین، پا کستان ، ترکی اور روس کے درمیان پارلیما نی اتحاد کی تجویز آج ایک ٹھوس صورت اختیا رکر چکی ہے، دہشت گردی سے نمٹنے، علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے کیلئے 23 سے 25 دسمبر تک اسلام آباد میں ہونیوالی سپیکرز کانفرنس میں شرکت کیلئے آمادگی ظاہر کرنیوالے تمام دوست ممالک کے ہم منصبوں کا شکر گزار ہوں۔6ممالک کے سٹریٹجک ،اقتصادی مفادات کو مدنظر رکھ کر ایک دوسرے کی تحقیق ،تجربات کے باعث کاروباری و تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائینگے،کانفرنس پائیدار ترقی کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہو گی۔دہشت گردی کو کسی مذہب، قوم، تہذیب یا گروہ سے منسلک نہیں کیا جا سکتا ،کانفرنس میں دہشت گردی کے چیلنج کو حل کرنے کیلئے جامع مذاکرات کئے جائیں گے۔ اسلام آباد میں ہونیوالی 6 ممالک کی سپیکرز کانفرنس کے سلسلہ میں جاری ابیان میں کہا کہ ان 6 ممالک کے سٹریٹجک اور اقتصادی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک دوسرے کی تحقیق اور تجربات کے باعث کاروباری و تجارتی حجم کو بڑھانے کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ 6 ممالک نہ صرف جغرافیائی مماثلت کے بندھن میں بندھے ہوئے ہیں بلکہ مشترکہ تہذیب، تجارت، سیاحت اور ثقافت کے بھی امین ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پارلیمانی قیادت کی بصیرت اور تجربات کے باعث باہمی رابطوں کو جوڑنے اور مضبوط کرنے میں نہ صرف معاونت حاصل ہو گی بلکہ ہم دہشت گردی جیسے ناسور کو ختم کرنے میں بھی کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو کسی مذہب، قوم، تہذیب یا گروہ سے منسلک نہیں کیا جا سکتا اور اس کانفرنس میں دہشت گردی کے چیلنج کو حل کرنے کیلئے جامع مذاکرات کئے جائیں گے۔ سپیکر نے کانفرنس میں شرکت کیلئے آنے والے افغانستان، چین، ایران، روس اور ترکی کے پارلیمانی وفود کو خوش آمدیدکہتے ہو ئے کہا کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا اور ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک ہم دہشت گردی کے ناسور پر قابو نہ پا لیں یہ منزل ہمیں باہمی رابطوں سے ہی ملے گی۔

مزید : صفحہ آخر

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...