حدیبیہ کیس کی فائل پر گرد نہیں جمنے دینگے، عبدالعلیم خان

حدیبیہ کیس کی فائل پر گرد نہیں جمنے دینگے، عبدالعلیم خان

لاہور(نمائندہ خصوصی ) پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نواز لیگ کو غلط فہمی میں نہیں رہنا چاہیے حدیبیہ کیس کی فائل پر گرد نہیں جمنے دینگے اور پی ٹی آئی بہت جلد عدالت سے دوبارہ رجوع کرے گی عبدالعلیم خان نے کہا کہ "بڑے میاں تو بڑے میاں چھوٹے میاں سبحان اللہ "پر پورا اترتے ہوئے پنجاب حکومت کے تمام منصوبے اور کمپنیاں اربوں روپے کی کرپشن کر رہی ہیں جس دن حکومت گئی ایک ایک ٹھیکیدار بتائے گا کہ کتنی لوٹ مار ہوئی؟۔

عبدالعلیم خان نے چئیرمین سیکرٹریٹ میں مختلف اضلاع کے پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کا جلد حساب ہونے والا ہے اور بظاہر معصوم بننے والوں کا کچا چٹھا کھل کر سامنے آ جائے گا ،انہوں نے کہا کہ سرکاری خرچے پر اخباروں میں اپنی بے گناہی کے اشتہار دلوانے والے خدا کا خوف کریں صرف چینی کمپنیاں ہی نہیں ترکی ادارے بھی مال بنانے میں حکمرانوں کے حصہ دار ہیں عبدالعلیم خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) منشیات فروشی ،ہنڈی ،حوالے کے سوداگروں اور کمیشن خوروں کا گروہ ہے اب جب 3دہائیوں تک قوم کا خون چوسنے والوں کو انجام نظر آ یا ہے تو بپھر گئے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ترقی کے جھوٹے دعویدار اگلی باری کی امید نہ رکھیں، شریف خاندان الیکشن جیتنے کا خواب دیکھنے کی بجائے ماضی میں کی جانے والی کرپشن کا حساب دینے کی تیاری کرے،کرپٹ ٹبر کی ڈرامہ بازی کسی کام آنے والی نہیں، عوام چوروں اور لٹیروں کو مسترد کردینگے انہوں نے کہا کہ احتساب کا عمل شروع ہونے کے بعد نواز لیگ ’’تحفظ کرپشن پارٹی‘‘ کے طور پر پہچان بناچکی ہے،کٹھ پتلی حکومت، درباری وزیروں اور حواریوں کا ایک ہی مقصد ہے کہ کسی طور لوٹ مار کا حساب ٹل جائے، اداروں کو ظالم اور کرپٹ ٹبر کو مظلوم بنانے کیلئے روزانہ جھوٹ کی پٹاری کھول کر بیٹھ جاتے ہیں لیکن اس مہم جوئی کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ مہنگائی،بیروزگاری اور مسائل کی چکی میں پسنے والے عوام اچھی طرح آگاہ ہیں کہ شریف خاندان نے ان کے حقوق پر ڈاکہ ڈال کر ملک کو اس حال تک پہنچایا ہے،ان کا دوبارہ اقتدار میں آنا قومی خودکشی کے مترادف ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ خاندانی بادشاہت پر یقین رکھنے والے بڑی سوچ بچار کے بعد بالآخر ڈمی وزیر خزانہ رانا افضل کا انتخاب کیاہے لیکن ڈوریاں بیماری کی آڑ میں لندن کو پیارے ہوجانے والے اسحاق ڈار ہی ہلائیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...