ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں‘ شیخ فیاض الدین

ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں‘ شیخ فیاض الدین

رحیم یار خان(بیورونیوز)ایم این اے شیخ فیاض الدین نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے حکومت کی طرف سے فراہم کردہ فلاح عامہ کے ترقیاتی منصوبوں کی مانیٹرنگ کے علاوہ محکمانہ کارکردگی کی بھی کڑی نگرانی کا جو طریقہ کار وضع کیا گیا ہے اس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ہر ہفتے ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کے اجلاس کا باقاعدگی سے انعقاد خوش آئند ہے جس سے ضلع میں (بقیہ نمبر40صفحہ12پر )

ترقیاتی کاموں کی رفتار میں تیزی آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی رابطہ کمیٹی برائے ترقیاتی امور کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما حاجی محمد ابراہیم، ممبران پارلیمنٹ کے نمائندگان چوہدری زاہد گجر، باؤ منظور احمد، محمد جمیل سمیت اسسٹنٹ کمشنر ز ڈاکٹر عد نان خان بھٹانی، عامر حسین، ایکسین ایم اینڈ آر حسنین زیدی، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا، ایکسین بلڈنگ محمد نعیم سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے افسران موجود تھے۔مسلم لیگ(ن) کے رہنما حاجی محمد ابراہیم نے کہا کہ سڑکوں کو سفر کے لئے محفوظ بنانا اولین ترجیح ہونی چاہیے اور شاہرات پر ہونے والے حادثات کی روک تھام کے لئے اقدامات ناگزیر ہیں۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کاموں میں ڈیزائن کے دوران عوامی تحفظ کو بھی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پلاننگ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ بڑھتے ہوئے ٹریفک حادثات لمحہ فکریہ ہیں ایسی تمام شاہرات کا سروے کر کے حفاظتی اقدامات کئے جائیں۔ڈپٹی کمشنر سقراط امان رانا نے کہا کہ ترقیاتی پراجیکٹس پر کام کی رفتار تیز کی جائے اور اسسٹنٹ کمشنر ز بھی اپنی تحصیلوں میں ہونے والے ڈویلپمنٹ منصوبوں کی مانیٹرنگ کریں۔انہوں نے کہا کہ ہر ہفتے ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کے اجلاس میں ہونے والے منصوبوں پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لئے اسسٹنٹ کمشنر ز اپنی تحصیلوں کے متعلقہ افسران سے رپورٹ طلب کریں اور موقع پر جاکر کام کے معیار و رفتار کا جائزہ لیں۔انہوں نے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کو ہدایت کی کہ وہ ہر ہفتے ہونے والی میٹنگ کے فیصلوں و تجاویز بارے اسسٹنٹ کمشنر ز کو رپورٹ ارسال کریں تاکہ وہ منصوبوں کی مانیٹرنگ کر سکیں۔اجلاس میں صحت، تعلیم، شاہرات، سیوریج، واٹر سپلائی سمیت دیگر عوامی بہبود کے منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ چوہدری طالب حسین رندھاوا نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی۔

مزید : ملتان صفحہ آخر