اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ، سی پیک منصوبوں کیلئے تعمیراتی مواد کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ دینے کا فیصلہ
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبوں کیلئے تعمیراتی مواد کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری کا فیصلہ کیا ہے ۔ و ز یراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس کے دوران حکام نے انہیں کپاس کی درآمد پر ٹیکس کی چھوٹ، آٹو سپیئر پارٹس اور ٹائر پر ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کیے جانے سمیت درجنوں اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی واپس لیے جانے پر بریفنگ دی۔اجلاس کے دوران سی پیک منصوبوں کیلئے تعمیراتی مواد کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری کا فیصلہ کیا جبکہ ٹیکس چھوٹ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے منصوبوں کیلئے ہوگی اور اس چھوٹ کا اطلاق سکھر، ملتان اور پشاور کراچی موٹروے منصوبوں پر ہوگا۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں میں پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کیلئے انکم ٹیکس آرڈیننس کے سیکشن 113 کی چھوٹ، ٹیکسٹائل مصنوعات اور اس کے خام مال پر ڈیوٹی کی چھوٹ شامل ہے۔اجلاس کے دوران کسانوں سے سرکاری قیمت پر گنے کی خریداری اور بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے خیبرپختونخوا اور پنجاب حکومت کے نیٹ ہائیڈل پرافٹ کے بقایاجات کی ادائیگی کی منظوری دی گئی ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ایف بی آر کی طرف سے مختلف اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹیز میں کمی کی منظوری بھی دی گئی جبکہ حکومت کی جانب سے درآمدات اور تجارتی خسارہ کم کرنے کیلئے اکتوبر میں 731 اشیا پر ریگولیٹری ڈیوٹی لگائی تھی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی