بھارت جان لےطاقت کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا : شہباز شریف

بھارت جان لےطاقت کے ذریعے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھا جا سکتا ...

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان کی قیادت میں وزراء اور اراکین قانون ساز اسمبلی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیری عوام پر بھارتی مظالم اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت جان لے کہ طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کو آزادی کے حق سے زیادہ دیر محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ہندوستان نہتے کشمیریوں پر جتنا چاہے ظلم کر لے لیکن وہ ان سے آزادی کا پیدائشی حق کبھی نہیں چھین سکتا ۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بھارتی قابض افواج کے بد ترین ظلم و ستم پر عالمی ضمیر کو بیدارہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت آزادکشمیر کے عوام کو بنیادی سہولیات زندگی سے مستفید کرنے کے پروگراموں کیلئے خطیر فنڈز فراہم کررہی ہے اورحکومت نے آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی کیلئے بے مثال اقدامات کئے ہیں۔ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں آزاد جموں و کشمیر کے عوام کی خوشحالی کیلئے ایسے اقدامات کی کوئی مثال موجود نہیں۔وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فاروق حیدر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے عوامی خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کئے ہیں۔ شہبازشریف نے اپنی محنت اور ویژن کے ذریعے پنجاب کو تعمیر و ترقی کا شاہکار بنایا ہے۔ وفد میں آزاد جموں و کشمیر کے وزراء سید شوکت، چوہدری عزیز، چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی چوہدری محمد اسحاق، اراکین قانون ساز اسمبلی میاں یاسر رشید، جاوید اختر،راجہ محمد صدیق اور دیگر شامل تھے۔صوبائی وزیر ملک ندیم کامران، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے لاہوررنگ روڈاتھارٹی اورفرنٹےئرورکس آرگنائزیشن کے اشتراک سے تعمیر کیے گئے سدرن لوپ ون اور ٹوکا افتتاح کیا۔22.4کلو میٹر طویل اس اہم شاہراہ کی تعمیر نے شمالی اورجنوبی لاہور کو آپس میں ملادیا ہے ۔بین الاقوامی معیار کی یہ شاہراہ ایک سال کی ریکارڈ مدت میں مکمل کی گئی ہے اوراس سڑک سے روزانہ ایک لاکھ سے زائد افرادکی آرام دہ اورمحفوظ آمدورفت یقینی ہوئی ہے ۔90میٹر چوڑی 6لین روڈ پر مشتمل لاہور کی اہم ترین شاہراہوں تک عوام کی آسان رسائی کیلئے 6انٹرچینج بنائے گئے ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے رنگ روڈ سدرن لوپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کیاگیا ہے اوریہ شاندار پراجیکٹ سول انتظامیہ اورافواج پاکستان کے تعمیراتی ادارے ایف ڈبلیو او نے ملکر بنایا ہے اور ملک کو آگے لیجانے کا یہی طریقہ ہے ۔اکیلا کوئی کچھ نہیں کرسکتا،پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور دفاع کو مضبوط بنانے کیلئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ رنگ روڈ سدرن لوپ کامنصوبہ معیار،تیزرفتاری سے تکمیل اورفن تعمیر کا اعلی شاہکار ہے ۔ ،جس پر میں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او اوران کی پوری ٹیم،پنجاب حکومت کے وزراء ،حکام،چےئرپرسن رنگ روڈ اتھارٹی عبداللہ سنبل اوران کی ٹیم کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد دیتا ہوں۔ ایندھن اورشہریوں کا وقت بچے گا، منصوبے پنجاب سپیڈ سے مکمل کئے۔قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل ایف ڈبلیو او لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالی کا شکرادا کرتا ہوں کہ میں نے منصوبے کے حوالے کے جو پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے کمٹمنٹ کی تھی آج اسے پورا کرنے میں سرخرو ہوا ہوں۔ منصوبے میں بہت سے چیلنجز درپیش تھے تاہم ایک سال کے عرصے میں مکمل کیا ہے ۔بہت بڑا چیلنج تھا جس سے عہدہ برآ ہونے میں کامیاب ہوئے ہیں۔چےئرمین رنگ روڈ اتھارٹی عبداللہ سنبل اورپراجیکٹ ڈائریکٹر کرنل منعم عباس نے منصوبے کے خدوخال اورافادیت پر روشنی ڈالی۔

وزیراعلیٰ پنجاب

مزید : صفحہ اول