ریونیو منجمند کردیں ، 3مئی تک حلقہ بندیاں مکمل کر لیں ، سیکرٹری الیکشن کمیشن

ریونیو منجمند کردیں ، 3مئی تک حلقہ بندیاں مکمل کر لیں ، سیکرٹری الیکشن کمیشن

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک،آئی این پی ) سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کا کہنا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ابھی نہیں کرسکتے تاہم 3 مئی 2018 ء تک حلقہ بندیوں سے متعلق کارروائی مکمل کرلی جائے گی۔چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت حلقہ بندیوں سے متعلق ہنگامی اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ کے دوران سیکرٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ الیکشن کی تیاریوں کا کام شروع کردیا جب کہ 15 جنوری سے نئی حلقہ بندیوں کا کام شروع کیا جائے گا اور اس مقصد کیلئے 5 کمیٹیاں بھی مقرر کردی گئی ہیں۔بابر یعقوب فتح محمد نے مزید کہا کہ حلقہ بندیوں کے پروپوزل کیلئے 45 رن رکھے گئے ہیں جب کہ صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات کو 10 جنوری تک نقشے اور مواد دینے کا کہا ہے، اگر نقشے اور میٹریل جلد مل جاتے ہیں تو حلقہ بندیاں بھی پہلے ہوجائیں گی۔سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق 5 مئی کے بعد ووٹر فہرستوں میں تبدیلی نہیں ہوسکے گی جب کہ 75 لاکھ ووٹرز کی رجسٹریشن بھی شروع کردیں گے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ اجلاس کے دوران آج سے ریونیو باڈیز(حدود)کو منجمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور آج کے بعد کسی یونین، ضلع اور تحصیل میں رد و بدل نہیں ہوگا۔سیکریٹری الیکشن کمیشن کے مطابق سیکرٹری شماریات نے بتایا کہ صدر مملکت ممنون حسین نے ابھی تک آئینی ترمیم پر دستخط نہیں کئے، صدر کے دستخط سے بل ایکٹ بنے گا تو مردم شماری کے عبوری نتائج ملیں گے۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ حساس پولنگ سٹیشنوں پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اور کیمرے لگانے کیلئے حکومتیں اپنے وسائل استعمال کریں گی۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ رواں سال الیکشن کمیشن کو انتخابی تیاریوں کے لئے 13ارب روپے درکار ہوں گے جبکہ آئندہ سال کے لئے 8 ارب روپے کی ضرورت ہوگی یہ پیسے شیڈول کے مطابق مل رہے ہیں پیسوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن ہیڈ کوارٹر زمیں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار محمد رضا کی زیر صدارت ہونیوالے اجلاس میں تمام چیف سیکریٹریز، چیئرمین نادرا، سیکریٹری شماریات اور صوبائی الیکشن کمشنرز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انتخابی حلقہ بندیوں پر کام شروع کرنے کی حکمت عملی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

حلقہ بندیاں

مزید : صفحہ اول