ہمارے نوجوان پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں:عاطف خان
پشاور( سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر تعلیم وتوانائی محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے منشور پر قائم ہے اور الیکشن سے پہلے عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان تحریک انصاف ہر عمر اور ہر مکتبہ فکر کے لوگوں میں یکساں مقبول ہے وہ گورنمنٹ ڈگری کالج بخشالی مردان میں دو کروڑ 50 لاکھ روپے کی لاگت سے بننے والے سپورٹس ہال کی افتتاح کے بعد شمولیتی جلسے سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسے سے ممبر قومی اسمبلی مجاہد خان اور نائب ناظم وی سی ون رشید خان نے بھی خطاب کیا اس موقع پر جنرل کونسلر راحت علی پورے خاندان اور دوستوں کے ساتھ مختلف پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو گئے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمد عاطف خان نے کہا کہ پاکستان کا بنیادی مسئلہ کرپشن ہے یہ وہ ملک ہے جہاں پر ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہمارے نوجوان پوری دنیا میں اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں یہاں وسائل بھی بے شمار ہیں مگر کرپٹ سیاست دانوں کی وجہ سے ہمارا ملک تنزلی کا شکار ہو چکا ہے مخلف پارٹیوں نے مختلف ناموں اور منشوروں پر ووٹ لیکر غریب عوام کو لوٹا اور اپنے منشور سے مکر گئے نتیجتاً غریب غریب تر اور امیر امیر تر ہوتا چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان واحد شخص ہیں جنہوں نے عوام کو شعور کے ساتھ ساتھ اپنے حق کے بارے میں پوچھ گچھ کی صلاحیت دی اب عوام ان سیاست دانوں کے کھوکھلے وعدوں اور جھوٹ کی سیاست میں آنے والے نہیں ان کو پرانا وقت یاد ہے جب کرپشن اور لوٹ مار کا کلچر تھا ،تھانے بکتے تھے ،پولیس اور تعلیم پر سیاست کی جاتی تھی ہم نے اس نظام کو یکسر تبدیل کر دیا اب ہر فیصلہ میرٹ پر ہوتا ہے اداروں میں اصلاحات کرکے ان کو بااختیار بنا دیا وہی پولیس فورس جو کہ ماضی میں سیاسی اثر رسوخ کی وجہ سے تباہ ہو چکی تھی اب حقیقی معنوں میں عوام کے جان ومال کی محافظ بن گئی ہے۔ محمد عاطف خان نے کہا کہ عمران خان کی قیادت ،میں پاکستان تحریک انصاف اس کی ملک کی سب سے مضبوط سیاسی پارٹی بن چکی ہے اور آنے والے وقتوں میں ان تمام سیاسی پارٹیوں کا صفایا کر دیا جائے گا کیونکہ پاکستان تحریک انصاف کارکردگی کی بنیاد پر سال 2018کا الیکشن لڑے گی انہوں نے کہا کہ ہم نے جتنے بھی ترقیاتی کام کئے ہیں ان میں اعلی کوالٹی کی مٹیریل کے استعمال کے ساتھ ساتھ تمام تر ٹھیکے ای ٹینڈر کے ذریعے میرٹ پر الاٹ کئے ہیں جبکہ سابقہ ادوار میں اپنے لوگوں کو نوازنے کے لئے ٹھیکے دئے جاتے تھے اور ناقص مٹیریل کے استعمال ،کرپشن اور کمیشن کی وجہ سے ان ترقیاتی سکیموں کا نام ونشان نہیں صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے تعلیم کے نظام میں جو بہتری آئی ہے اس کی معترف پوری دنیا ہے اور یہی ہمارا آنے والا مستقبل ہے جو کہ ہماری ترقی کا ضامن ہے ۔