بونیر ،پولیس پر فائرنگ کرنیوالے 2 گرفتار ،اسلحہ وکارتوس برآمد

بونیر ،پولیس پر فائرنگ کرنیوالے 2 گرفتار ،اسلحہ وکارتوس برآمد

بونیر (ڈسٹرکٹ رپورٹر)بونیر پولیس نے 24گھنٹوں کے اندر اندر پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے اور کانسٹیبل کو زخمی کرنے والے دو ملزمان کو گرفتار کرکے اُن سے دو عدد کلاشنکوف اور22 عدد کارتوس برآمد کرلیا۔تفصیلات کے مطابق گذشتہ روز امبیلا پولیس پوسٹ کا عملہ معمول کی گشت پر تھا۔ اسی دوران پولیس کو کوگا اُوچ خوڑ میں دو مسلح مشکوک افراد کی موجودگی کی اطلاع ملی۔ پولیس نے فوراً موقع پر پہنچ کر دونوں افراد کو اپنی شناخت کرانے کو کہا تاہم انہوں نے پولیس پارٹی پراندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ جسکے نتیجے میں ایک پولیس کانسٹیبل پاؤں اور کندھے پر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔جبکہ پولیس پارٹی میں شامل دوسرے اہلکار بال بال بچ گئے۔ دونوں ملزمان فائرنگ کے بعد موقع سے پہاڑوں اور جنگلوں کی طرف فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔آج پولیس نے علاقے میں سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن شروع کی اور تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کا عمل اپنایا۔ دونوں ملزمان نے اپنے گرد گھیراتنگ محسوس کرتے ہوئے اپنے آپ کو بمع اسلحہ پولیس کو حوالہ کردیا۔ زخمی پولیس کانسٹیبل کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ اور انہیں ضروری طبی علاج معالجے کے بعد ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر