باچا خانی اور عمران خانی قصہ پارینہ بن چکے ،عوام مسلمانی چاہتے ہیں:سینیٹر حافظ حمد اللہ

باچا خانی اور عمران خانی قصہ پارینہ بن چکے ،عوام مسلمانی چاہتے ہیں:سینیٹر ...

تخت بھائی(نامہ نگار)باچا خانی اور عمران خانی قصہ پارینہ بن چکی ہیں ، پاکستانی عوام مسلمانی چاہتے ہیں۔ امریکہ و یہودی آلہ کار انتشار پھیلا کر پاکستان کو کمزور کرنے کی سازش میں مصروف عمل ہیں لیکن جمعیت علماء اسلام وطن عزیز کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافظ کر کے دم لینگے ۔ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام (ف) کے مرکزی رہنماء سینیٹر مولانا حافظ حمد اللہ ، خیبر پختونخواہ کے امیرو سابقہ سینیٹر مولانا گل نصیب خان، جنرل سیکرٹری و سابقہ ایم این اے مولانا شجاع الملک، ضلع مردان کے امیر و سابق ایم این اے مولانا محمد قاسم، صوبائی آفس سیکرٹری علامہ محمد صدیق اور تحصیل تخت بھائی کے جنرل سیکرٹری مولانا ضیاء اللہ جان ہاشمی نے تخت بھائی میں بڑے شمولیتی جلسہ عام سے خطاب کر تے ہوئے کیا جس میں ڈسٹرکٹ کونسلر ان مولانا عرفان اللہ، حاجی محمد طارق ، یوتھ ڈسٹرکٹ کونسلر مولانا خبیب طورو، شاہد خان اور دیگر بھی موجود تھے، اس موقع پر نوجوانوں کی بڑی تعداد نے مختلف جماعتوں سے مستعفی ہو کر جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔مقررین نے کہا کہ اسلام دشمن عناصر اور سیکولر قوتیں سوچی سمجھی سازش کے تحت علماء کو سیاست سے دور کرنے کی سازش میں مصروف کار ہیں تاکہ ان کے من پسند لوگ برسراقتدار آکر اپنی من مانی کر سکیں ، انہوں نے کہا کہ جرنیلوں نے ماضی میں اقتدار پر قابض ہو کر ملک کو پسماندگی اور دہشت گردی کی آگ میں جھونک دیا ہے، آج تک کسی عالم دین نے دہشت گردی کا درس نہیں دیا اور نہ اسلام میں معصوم انسانوں کا خون بہانا جائز ہے، علماء نے ہمیشہ آئینی طور پر ملک کی اساسی نظریاتی بنیادوں کی حفاظت کی جنگ لڑی ہے اور پارلیمنٹ میں غیر اسلامی قانون سازی کی مذمت کرکے منظور ہونے سے رکوائے ہیں ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ باچا خانی اور عمران خانی قصہ پارینہ بن چکے ہیں ، عوام سیکولر جماعتوں کی اصلیت جان چکے ہیں جو اپنا سرمایہ بچانے کے لیے اقتدار کی آڑ لیتے ہیں لیکن جمعیت علمائے اسلام 2018 ؁ء کے عام انتخابات میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کر کے سب کو سخت احتساب کے کٹہرے میں کھڑے کر دینگے ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر