حکومت یا کسی بھی دوسری جماعت کو الیکشن ملتوی کرانے کی اجازت نہیں دیں گے،راشد حفیظ

حکومت یا کسی بھی دوسری جماعت کو الیکشن ملتوی کرانے کی اجازت نہیں دیں گے،راشد ...

راولپنڈی (جنرل رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے ممبر پنجاب اسمبلی و سابق امیدوار برائے سپیکر پنجاب اسمبلی راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ حالیہ مردم شماری کے عبوری نتائج کے مطابق جلد از جلد نئی حلقہ بندیاں کرانا اور ان کے تحت بروقت الیکشن کا انعقاد وسیع تر قومی مفاد میں ہے اور یہی تحریک انصاف کی کوشش ہے . ہم حکومت یا کسی بھی دوسری جماعت کو الیکشن ملتوی کرانے کی اجازت نہیں دیں گے . تحریک انصاف آنے والے الیکشن میں کلین سویپ کرے گی اور ایک دوسرے کو عوامی مینڈیٹ کے بغیراگلا وزیر اعظم بننے کی مبارکباددینے والے منہ دیکھتے رہ جائیں گے . انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے پبلک سیکریٹریٹ برائے این اے 55 میں پارٹی ورکروں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا . انہوں نے تحریک انصاف کے کارکنوں سے کہا کہ وہ الیکشن کی بھر پور تیاری شروع کر دیں اور عوام کے ساتھ رابطے استوار کرکے ان تک تحریک انصاف کا منشور پہنچائیں. انہوں نے کہا کہ عوامی مینڈیٹ کو چوری کرکے اقتدار میں آنے والے موجودہ حکمرانوں کیلئے ہم دھاندلی کے تمام راستے بند کر دیں گے . نئی حلقہ بندیوں سے ہر حلقے میں ان کے پلانٹیڈ ووٹ ختم ہو جائیں گے اس لئے ن لیگ والے نہیں چاہتے کہ نئی حلقہ بندیاں کی جائیں . انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن ملتوی کرانے کی ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی .

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر