حیدرآباد، ایل ایم سی میں دماغ کا منفرد اور کامیاب آپریشن

حیدرآباد، ایل ایم سی میں دماغ کا منفرد اور کامیاب آپریشن

حیدرآباد(رپورٹ:عبدالطیف چنہ) لیاقت میڈیکل کالج ہسپتال حیدرآباد کے ڈاکٹروں نے دماغ کا منفرد آپریشن کرکے عالمی ریکارڈ قائم کردیاسینئر ڈاکٹرز حیران ۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لیاقت میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال حیدرآبا دکے شعبہ نیوروسرجری میں پہلی بار مریض کو مکمل بے ہوش کئے بغیر مخصوص حصہ سن کر دماغ کی جھلی کے اوپر اور نیچے جمے خون کی صفائی کا کامیاب آپریشن کیا گیا جسے طب کی تاریخ کا ریکارڈ قرار دیا جارہا ہے۔ مریض بھی روبہ صحت ہے اس حوالے سے ڈاکٹر پیر اسد نے بتایا کہ نارو نامی مریض جس کے سرپر کلہاڑی ماری گئی جس کے نتیجے میں اس کے دماغ کی جھلی کے اوپر اور نیچے خون جم گیا تھا ، مریض کو دل کا عارضہ بھی لاحق تھا اس لئے اس کے جسم کو سن کرکے یہ آپریشن کیاگیا جوکہ دنیا بھر کی طبی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا آپریشن ہے جس میں ڈاکٹروں نے بڑی مہارت کا مظاہرہ کرکے مریض کی جان بچائی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر