2018کے الیکشن میں پیپلز پارٹی امیدواروں کی تلاش میں ہوگی :لیاقت جتوئی

2018کے الیکشن میں پیپلز پارٹی امیدواروں کی تلاش میں ہوگی :لیاقت جتوئی

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما لیاقت علی جتوئی نے کہا ہے کہ 2018کے الیکشن میں پیپلزپارٹی سندھ میں امیدواروں کی تلاش میں ہوگی، سندھ سے بڑی تعداد میں شمولیتوں نے پیپلزپارٹی کو ٹکڑوں میں تقسیم کردیا ہے۔ سندھ اور وفاق میں آئندہ حکومت تحریک انصاف کی ہوگی۔ گزشتہ روز مرکزی سینئر نائب صدر علی حیدر زیدی کے ہمراہ جتوئی ہاؤس پر پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر پیپلزپارٹی نوشہروفیروز کے رہنماء اور راجپر برادری کے سردار خالد احمد راجپر ، وائس چیئرمین آل پرائیوٹ اسکولز فیصل خان زئی ، تھانہ بولا خان سے پیپلزپارٹی کے رہنماء ملک سکندر مرحوم کے کزن ملک علاء الدین ، میر عبدالجبار بلیدی اور دیگر نے تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا ۔ لیاقت علی جتوئی نے کہا کہ سندھ کو تباہی کی دہانی پر پہچانے والے اور سندھ کی عوام کو خودکشیوں پر مجبور کرنے والے آصف زرداری کی پیپلزپارٹی سے عوام کی جان چھڑائیں گے سندھ کو اندہیروں سے نکال کر عمران خان کی قیادت میں ایک مثالی صوبہ بناکردکھائیں گے پیپلزپارٹی کے فیصلے سے بننے والی کیئر ٹیکر حکومت کو قبول نہیں کریں گے چیف جسٹس آف پاکستان اور سندھ مل کر کیئر ٹیکر حکومت کا حل نکالیں ۔ مرکزی سینئر نائب صدر علی زیدی نے کہا کہ سندھ کے آبادگاروں کو گنے کے ریٹ پر بلیک میل کرکے ظلم کیا جارہا ہے ہم سندھ کے آبادگاروں اور کاشتکاروں کو خوشحال سندھ دیں گے ، علی زیدی نے کہا کہ اس ملک میں معزز عدالتیں ہی انصاف کی آخری امید کی کرن ہیں کیونکہ پاکستان لوٹ کر پیسے باہر لے جانے والوں کو نشان عبرت بناکر مثال قائم کی جائے علی زیدی نے کہا کہ عزیر بلوچ کے انکشافات کے بعد سپریم کورٹ ازخود نوٹس لیکر عزیر بلوچ کے سہولتکاروں کو بھی سزادے کیونکہ ماضی میں ایک گینگسٹر کے کہنے پر پولیس افسران کی تعیناتی کی جاتی تھی اور کراچی کی عوام دہشتگردوں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا مگر پی ٹی آئی کراچی کی عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور را کے ایجنٹوں سے جان چھڑائیں گے انہوں نے کہا کہ بلدیہ فیکٹری اور عزیربلوچ کے بعد عاشورہ دھماکے کی جے آئی ٹی بھی اوپن کراؤں گا۔ پی پی سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے خالد راجپر نے کہا کہ عمران خان ہی حقیقی لیڈر ہیں جو پاکستان کو اندہیروں سے نکال سکتے ہیں اور قوم کو ایک عظیم قوم بناسکتے ہیں ان چوروں کو سزا دلا سکتے ہیں نواز اور زرداری نے ملک کو لوٹ کر کنگال کردیا ہے ۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر