پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی پاکستانی عوام کی مقبول ترین پارٹی ہے: ملائکہ رضا

پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی پاکستانی عوام کی مقبول ترین پارٹی ہے: ملائکہ رضا
پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی پاکستانی عوام کی مقبول ترین پارٹی ہے: ملائکہ رضا

  

دبئی (طاہر منیر طاہر ) پاکستان پیپلز پارٹی آج بھی ملک کی سب سے بڑی اور سب سے مقبول جماعت ہے جس کے دیرینہ کارکن پورے ملک میں ہر جگہ موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی کے ورکرز جہاں بھی ہیں آج بھی پارٹی کے ساتھ منسلک ہیں اور اپنا تن من دھن سب نچھاور کرنے کیلئے تیار ہیں۔ یہ پیپلز پاٹی ہی ہے جس نے ملک میں جمہوریت کو بچانے اس کو فروغ دینے اور عوام کو ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لئے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں اور کام کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پی پی پی کے سوشل میڈیا اور بلاول بھٹو زرداری کے میڈیا سیل کی رکن ملائکہ رضا نے گزشتہ رات اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک عشائیہ میں کیا جس کا اہتمام پی پی پی گلف ریجن کے سابق صدر میاں منیر ہانس نے کیا تھا۔ عشائیہ کی اس تقریب میںملک محمد اسلم، شفیق صدیقی، مظفر باجوہ، فضل درانی، اور دیگر کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر ملائکہ رضا نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی وہ واحد جماعت ہے جس میں کارکنوں کا بے حد احترام کیا جاتا ہے اور ان کی بات سنی جاتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری جب کارکنوں کے ساتھ میٹنگ میں ہوتے ہیں تو بڑے حوصلے ارو بردباری کے ساتھ ان کے مسائل سنتے اور ان پر عمل کی یقین دہانی کراتے ہیں ۔ وہ کارکنوں کی کڑوی کیلی اور شکوے بھری باتوں کا جواب بھی تحمل اور صبر سے دیتے ہیں۔

آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کارکن ہی پیپلز پارٹی کا اصل سرمایہ ہیں لہٰذا ان کے مسائل کا خیال رکھا جائے گا اور مشوروں پر عمل بھی کیا جائے گا۔ بلاول بھٹو زرداری کے بارے ملائکہ رضا نے بتایا کہ وہ سیاست کے میدان میں پوری طرح اُترے ہیں اور وہ آنے والے انتخابات میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ کارکنوں سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے جبکہ وہ بھی اپنی والدہ کی طرح ہر کارکن کو یاد رکھتے اور اسے عزت دیتے ہیں۔

مزید : عرب دنیا