اگر آپ بیرون ملک اسلحہ سمگل کرنا چاہتے ہیں تو پاکستان کے اس ایئر پورٹ پر چلے جائیں ، آپ کا آدھا مسئلہ حل ہو جائے گا، ایسا انکشاف کہ دہشتگردوں کی خوشی کی انتہا نہ رہی
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)جناح ایئر پورٹ پر سکیورٹی کی بڑی ناکامی سامنے آئی ہے ، ایک ملائیشین شہری بھاری مقدار میں اسلحہ لے کر کڑی سکیورٹی سے باآسانی گزر گیا تاہم سکینر کے باعث پکڑا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملائیشیا کا ایک شہری کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر آیا اور سکیورٹی کا سارا پول کھول گیا۔ غیر ملکی شہری نے اے ایس ایف کی موجود گی میں بھاری اسلحہ کے ساتھ 2 چیک پوائنٹس کراس کیے اور با آسانی سکینر تک پہنچ گیا۔ اس دوران وہ میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس سے بھی گزرا لیکن کوئی ٹیکنالوجی اس کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکی۔
باڈی سکینر میں جب غیر ملکی شہری کے سامان کی سکیننگ کی گئی تو اس کے اوون میں اسلحے کی موجودگی کا انکشاف ہوا جس کے بعد اسے حراست میں لے کر اس کی جامہ تلاشی لی گئی۔ تلاشی کے دوران ملزم کے جوتوں سے پستول کی گولیاں برآمد ہوئیں جبکہ اوون سے 4 پستول بھی برآمد ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے پشاور سے اسلحہ خریدا اور کراچی سے بنکاک جا رہا تھا تاہم ’بروقت‘ پکڑا گیا۔ ملزم کو ایف آئی اے نے حراست میں لے کر مزید تفتیش شروع کردی ہے۔ ملزم کی بین الاقوامی دہشتگرد تنظیم سے وابستگی سے متعلق بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔