پاک سوزوکی نے دو موٹرسائیکلوں سمیت اپنی چار نئی گاڑیاں متعارف کرادیں

پاک سوزوکی نے دو موٹرسائیکلوں سمیت اپنی چار نئی گاڑیاں متعارف کرادیں
پاک سوزوکی نے دو موٹرسائیکلوں سمیت اپنی چار نئی گاڑیاں متعارف کرادیں

کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کی سب سے بڑی کار ساز کمپنی ’پاک سوزوکی‘ نے ایک ساتھ چار مصنوعات متعارف کروا کے ایک بار پھر اپنی حریف کمپنیوں کو چاروں شانے چت کر دیا ہے۔ان چار مصنوعات میں کلٹس (آٹوگیئر شفٹ)اور 1500سی سی میگا کیری، دو گاڑیاں جبکہ دو بائیکس جی آر 150اور جی ایس ایکس آر 600شامل ہیں۔اعلیٰ کارکردگی، اعتماد اور پرسکون ہونا پاک سوزوکی کی مصنوعات کے وہ خواص ہیں جو انہیں دیگر حریف کمپنیوں کی مصنوعات سے منفرد بناتے ہیں۔صارفین کو یہ خواص حالیہ متعارف کروائی گئی چاروں مصنوعات میں بھی ملیں گے۔ ان چاروں مصنوعات کی تفصیل ذیل میں بیان کی جاتی ہے۔

کلٹس آٹو گیئر شفٹ

سوزوکی کلٹس رواں سال اپریل میں نئے نام ’سیلریو‘ سے متعارف کروائی گئی تاہم اب اس میں آٹو گیئر شفٹ فیچر کا نیا اضافہ کیا گیا ہے جس سے صارفین کو ڈرائیونگ میں آسانی ہو گی لیکن اس سے ان کی جیبوں پر کوئی اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔آٹو گیئر شفٹ فیچر دراصل ’آٹو میٹڈ مینوئل ٹرانسمیشن سسٹم‘ ہے جو عام مینوئل ٹرانسمیشن سسٹم کے مترادف ہے لیکن اس میں اے جی ایس یونٹ کا اضافہ کیا گیا ہے جو کلچ آپریشن اور گیئر شفٹ آپریشن کو آٹومیٹک بناتا ہے۔اس فیچر کے باعث پاک سوزوکی کے صارفین بغیر کسی اضافی خرچ کے آٹومیٹک گاڑی سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ اس کے علاوہ اس گاڑی میں مزید کئی نئے فیچرز شامل کیے گئے ہیں جو گاہکوں کی دلچسپی کا باعث ہوں گے۔ ان تمام جدید فیچرز کی حامل اس 100سی سی گاڑی کی قیمت 13لاکھ 91ہزار روپے ہے۔

میگا کیری ایکسٹرا

یہ گاڑی کاروباری افراد، کسانوں، کوریئر کمپنیوں اور لاجسٹک فرمز کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے۔یہ گاڑی دراصل ’راوی‘ کا نیا ماڈل ہے۔ میگا کیری ایکسٹرا 1500سی سی، ہلکی کمرشل گاڑی ہے جس میں 4سلنڈر اور 16والو(Valve) نصب کیے گئے ہیں ۔ اس کا ڈیک بھی تین اطراف سے کھل سکتا ہے۔اس گاڑی کی سب سے خاص بات اس کی ”سسپنشن“ ہے جو راوی کی نسبت کئی گنا بڑھائی گئی ہے۔ اس کے باوجود اس گاڑی میں وزن کی گنجائش 750کلوگرام ہے۔ اس کا ڈیک بھی راوی کی نسبت لمبائی میں 2450ملی میٹر، چوڑائی میں 1670ملی میٹراور اونچائی میں 365ملی میٹر بڑا کیا گیا ہے۔ میگا کیری ایکسٹرا کے انجن کی خصوصیات بھی مسابقتی گاڑیوں سے کہیں بہتر ہیں۔ اس میں 1.5لیٹر، 5شفٹ مینوئل ٹرانسمیشن، 91ہارس پاور کی بریک اور 126این ایم کی ٹارک (Torque)نصب کی گئی ہے۔اس گاڑی کی 2سال یا 40ہزار کلومیٹر کی وارنٹی بھی دی جاتی ہے۔

سوزوکی جی آر 150

پاک سوزوکی نے اس بائیک کے دو ماڈل متعارف کروائے ہیں۔ 150سی سی موٹرسائیکلوں کی کھیپ میں جی آر 150پاک سوزوکی کی ایک ’سپورٹی انٹری‘ ہے، جو نوجوان نسل، طالب علموں اور چھوٹے کاروباری افراد کی پسند اور ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنائی گئی ہے۔اس میں 5سپیڈ ڈیجیٹل گیئر، الائے وہیلز اور فرنٹ ڈسک بریک لگائی گئی ہے۔ اس میں دلچسپ بات یہ ہے کہ اس بائیک کے سی کے ڈی (Complete Knock Down)پارٹس پاکستان میں اسمبل کیے گئے ہیں۔کمپنی اس بائیک کی 20ہزار کلومیٹر یا 3سال کی وارنٹی دیتی ہے اور 12000کلومیٹر پر 2سروسز بھی مفت ہیں۔پاکستان میں یہ بائیک تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔2016ءکے پہلے 6ماہ میں یہ 3ہزار 533کی تعداد میں فروخت ہوئی اور رواں سال اسی عرصے میں اس کی فروخت 40فیصد اضافے سے 4ہزار 75تک پہنچ گئی۔

سوزوکی جی ایس ایکس آر600

جب بات ہیوی بائیکس کی آئے تو پاک سوزوکی اس میں بڑا عزم لیے ہوئے ہیں اورجی ایس ایکس آر 600متعارف کروا کے اس انڈسٹری میں اپنی پہلے سے موجودگی کا احیاءکر چکی ہے۔یہ بائیک جی ایس ایکس آر 750کا چھوٹا ورژن ہے۔ ابتدائی طور پر یہ بائیک 1992ءمیں متعارف کروائی گئی تھی اور اس کا نام گکسر (Gixxer)تھا لیکن موجودہ ماڈل سٹائل میں موٹو جی پی (Moto GP)ہے اور یہ دنیا کی پہلی فیول انجیکٹڈ موٹوکراس بائیک (Fuel injected motocross bike)ہے۔ اس میں جاپان سے درآمد شدہ 4سلنڈر نصب کیے گئے ہیں۔ اس میں فنکشنل انسٹرومنٹ کلسٹر، ریس ڈیویلپڈ سسپنشن، الیکٹرانک اگنیشن، 6سپیڈ کانسٹنٹ میش، تھری وے ایڈجسٹ ایبل فُٹ پیگ اور بریمبو (Brembo)کے ساتھ فرنٹ بریک سسٹم لگایا گیا ہے۔اس بائیک کی 2سال یا 24ہزار کلومیٹر کی وارنٹی دی جاتی ہے۔پاکستان میں ہیوی بائیکس کی اوسط فروخت 150بائیکس سالانہ ہے۔ ان خریداروں میں سے اکثر سیکنڈ ہینڈ بائیکس خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں لیکن پاک سوزوکی ان خریداروں کو بہتر آپشن دینے کی کوشش کر رہی ہے۔600سی سی ماڈل اسی کوشش کے سلسلے کی ایک کڑی ہے اور یقینا یہ بائیک تعلیم یافتہ نوجوانوں اور شوبز و سپورٹس سے وابستہ شخصیات کے لیے پرکشش ثابت ہو گی۔

مزید : بزنس

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...