”ماڈلنگ سے میں نے کروڑوں روپے کمائے اور ایک وقت تھا جب زندگی میں کسی چیز کی کمی نہ تھی لیکن پھر اس ایک غلط فیصلے نے کنگال کر دیا، پیسے مانگ مانگ کر زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئی“
کنبرا(مانیٹرنگ ڈیسک) شہرت اور دولت دنیا کی بے ثباتیوں میں سے ہیں۔ دنیا میں کئی ایسی مثالیں ہمیں ملتی ہیں کہ ایک وقت میں کوئی دولت و شہرت کے بام عروج پر تھا اور پھر اسے سڑکوں پر بھکاری بنے بھی دنیا نے دیکھا۔ اس آسٹریلوی خاتون کیٹ فشر کی کہانی بھی انہی میں سے ایک ہے۔
میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ایک وقت تھا کہ کیٹ فشر کامیاب ماڈل تھی اور اس پیشے سے اس نے کروڑوں روپے کمائے لیکن آج وہ زیپورا ملکہ کے نام سے گمنامی کی زندگی گزار رہی ہے اور حکومتی امداد اور لوگوں سے پیسے مانگ مانگ کرگزارہ کر رہی ہے۔
چوالیس سالہ زیپورا ملکہ کا کہنا تھا کہ ”ایک وقت تھا کہ میرے پاس کروڑوں ہوتے تھے لیکن اب میں محض 400ڈالر (تقریباً 34 ہزار روپے)مہینہ میں گزارہ کرتی ہوں۔ اُس عروج سے اِس زوال تک پہنچنے کی وجہ میرا ایک غلط فیصلہ تھا۔ وہ فیصلہ اپنے شوہر جیمز پیکر سے طلاق کے بعد آسٹریلیا سے امریکہ منتقل ہونے اور یہاں ایک نوسرباز شخص کے پیار میں مبتلا ہونا تھا۔ میں آسٹریلیا میں پہچانی جاتی تھی۔ لوگ میرا کام دیکھتے تھے لیکن امریکہ آ کر میں اجنبی بن کر رہ گئی۔ درحقیقت مجھے اپنی خوبصورتی اور شہرت کا احساس ہی نہیں تھا، اور میں انہیں بہتر استعمال ہی نہیں کر سکی۔ میں نے سب کچھ اپنی لاپروائی سے ضائع کر دیا۔ امریکہ آ کر میں ایک دھوکے باز کے چنگل میں پھنس گئی اور اسے اپنے پاس جمع شدہ 20لاکھ ڈالر(تقریباً20کروڑ روپے) دے دیئے۔ بعد میں مجھے معلوم ہوا کہ وہ شادی شدہ اور دو بچوں کا باپ تھا۔ اس طرح امریکہ آ کر میں نے شہرت اور دولت دونوں سے ہاتھ دھو لیے اور آج اس حال میں زندگی گزار رہی ہوں۔“