پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہ کرنا باعث افسوس ہے: اعزاز چوہدری
واشنگٹن(صباح نیوز)امریکہ میں پاکستان کے سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی قربانیوں کو تسلیم نہ کرنا باعث افسوس ہے، افغانستان میں استحکام کا قیام پاکستان کی ذمہ داری نہیں ہے اور دہشت گردی کیخلاف جنگ ہماری نہیں تھی بلکہ ہم پرمسلط کی گئی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں تقریب سے خطاب میں اعزاز چوہدری کاکہناتھا کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ پاکستان کی جنگ بن گئی جبکہ یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، تاہم دہشت گردی کامائنڈ سیٹ ختم کرنیکی ضرورت ہے۔پاکستانی سفیر نے بتایا کہ دنیا کے ہر ملک اور معاشرے میں کچھ انتہا پسند ہوتے ہیں جبکہ دہشت گردی پاکستان اور امریکا کی دشمن ہے، ہمیں اس کے خلاف مل کر لڑنا ہوگا۔افغانستان کے بارے میں اعزاز چوہدری نے کہا کہ افغانستان میں استحکام پاکستان اور امریکا کے مفاد میں ہے اور دونوں کا مقصد مشترکہ ہے۔