خیبر پختونخوا پولیس ایک مثالی فورس ہے ،تیمور سلیم جھگڑا

خیبر پختونخوا پولیس ایک مثالی فورس ہے ،تیمور سلیم جھگڑا

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبر پختونخوا کے سو روزہ پروگرام کے تحت سابقہ فاٹا اور ضم ہونے والے نئے قبائلی اضلاع تک پولیس کا دائرہ کار وسیع کرنے اور آئندہ پانچ سالوں کے لئے کی جانے والی منصوبہ بندی پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لئے خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں انسپکٹر جنرل خیبرپختونخوا پولیس صلاح الدین محسود ، سیکرٹری محکمہ خزانہ شکیل قادر ، سیکرٹری محکمہ داخلہ اکرام اﷲ خان اور پولیس کے دیگر اعلیٰ حکام بھی شریک تھے ۔ آئی جی پی صلاح الدین محسود نے اجلاس کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سو روزہ پروگرام کے تحت محکمہ پولیس کے لئے وضع کی گئی منصوبہ بندی کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر فوری عمل درامد شروع کر دیا گیا ہے ۔ اجلاس میں ضم ہونے والے قبائلی اضلاع تک پولیس کو توسیع دینے ، وہاں پر نئی بھرتیوں ، ڈی آر سی کمیٹیوں ، نئے پولیس سٹیشنز او رپولیس لائنز کے قیام پر تفصیلی بحث کی گئی اور سلسلے میں فنڈز کی فراہمی اور مطلوبہ وسائل مختص کرنے کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں خاصہ دارفورس کے مستقبل اور کردار کے حوالے سے امور پر بھی زیر بحث آئے اور اس کے علاوہ اجلاس میں سو روزہ پروگرام کے تحت منصوبوں کے لئے فنڈز کی فراہمی اور دیگر اہم منصوبوں کو بھی عملی جامہ پہنانے پر بھی خصوصی طور پر بحث کی گئی ۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ایک مثالی فورس ہے اور اسے دور حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور عوامی امنگوں پر پورا اترنے کے لئے صوبائی حکومت وسائل کی کمی آڑے نہیں آنے دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نئے ضم ہونے والے اضلاع تک پولیس کی توسیع اور وہاں پر محکمہ پولیس کے لئے انفراسٹرکچر کے قیام کے لئے جامع حکمت عملی کے تحت مناسب اقدامات کر رہی ہے تاکہ ان اضلاع میں امن و امان کے قیام سمیت عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر