پی ٹی آئی کے آستانے پرڈیرے ، درجنوں یونین کونسلوں کے لیگی نمائندے ’’ پر ‘‘ تو لنے لگے

پی ٹی آئی کے آستانے پرڈیرے ، درجنوں یونین کونسلوں کے لیگی نمائندے ’’ پر ‘‘ ...

لاہور(دیبا مرزا سے) با وثو ق ذرائع کے مطابقڈپٹی مئیر لاہور وسیم قادر کے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے لاہور کی مختلف پچاس سے زائد یونین کونسلوں کے چیئرمینوں ‘وائس چیئرمینوں اور کونسلرز نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے لئے سینئر وزیر اور وزیر بلدیات عبدالعلیم خان سے ملاقاتیں کر لی ہیں ‘ با وثوق ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے لاہور کی ہر یونین کونسل میں آج سے ایک ماہ قبل اپنے کو آرڈنیٹرز لگا کر عملی طور پر یونین کونسلوں کا نظام اپنے ہاتھوں میں لے لیا تھا جس کی وجہ سے (ن) لیگ کے بلدیاتی نمائندے ذ ہنی طور پر پریشانی کا شکار ہو گئے تھے جس کی وجہ سے اب انہوں نے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے تاکہ اس طرح سے وہ اپنی اپنی یونین کونسلوں میں عوامی کاموں کو جلد سے جلد کرواسکیںِ ،دوسری جانب وسیم قادر کے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کے بعد اب ضلعی اسمبلی کی سپیکر شپ پی ٹی آئی کو مل گئی ہے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کے وسیم قادر کی پی ٹی آئی میں شمولیت بارش کا ایک پہلا قطرہ ہے آنے والے دنوں میں بہت سے بلدیاتی نمائندے پی ٹی آئی میں شامل ہونے کااعلان کریں گے ۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ ضلعی اسمبلی کی سپیکر شپ کے لئے لاہور کے 9 ذونوں کے مئیر میں سے ایک مئیر نے چھ ماہ کے لئے اس اسمبلی کا سپیکر بننا ہے اب ڈپٹی مئیر وسیم قادر کے سپیکر بننے کی باری تھی لیکن اب چونکہ انہوں نے اعلانیہ طور پر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کر لی ہے تواس فارمولے کے مطابق پی ٹی آئی کواب ضلعی اسمبلی میں چھ ماہ کے لئے سپیکر شپ بھی مل گئی ہے اور اس طرح سے اگر یہ کہا جائے کہ آہستہ آہستہ پی ٹی آئی کی ضلعی ا سمبلی میں بھی تعداد میں اضافہ ہوتا چلا جارہا ہے تو یہ بھی بے جا نہ ہو گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1