چین نے سی پیک سے متعلق امریکی اخبار کی رپورٹ مسترد کر دی
بیجنگ (این این آئی)چین نے سی پیک کے بارے میں امریکی اخبار کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک چین دفاعی تعلقات معمول کا حصہ ہیں ،ان کا سی پیک پراجیکٹ سے کوئی تعلق نہیں ۔گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران وزارت خارجہ کی ترجمان ہواچن ینگ نے نیویارک ٹائمز کی رپورٹ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے جھوٹ قرار دیا۔دوسری جانب چینی سفارتخانے کے ڈپٹی چیف آف مشن لی جیان ژاؤ نے بھی سی پیک پر نیویارک ٹائمز کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ مغربی ممالک ہیں جنہوں نے پاکستان کو قرضوں کے جال میں پھنسا دیا ہے ٗ چین پاکستان کو قرضوں کے جال سے نکالنے کے لیے یقین دہانی کرا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پر 95ارب ڈالر کے بین الاقوامی قرضوں میں سے چین کا صرف چھ ارب ڈالر کا قرضہ ہے۔انہوں نے ان اعدادوشمار کو بھی مسترد کردیا کہ چین کا قرضہ 23ارب ڈالر ہے چینی سفارتکار نے حقائق اور اعدادو شمار کی روشنی میں بات چیت کرتے ہوئے سی پیک کے بارے میں پاکستانی قرضوں کے حوالے سے مغربی حلقوں کے پراپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا۔
چین ،امریکی رپورٹ مسترد