فلیٹ کے جعلی دستاویزات دکھانے سے کچھ نہیں ہوگا، اویس قادر شاہ

فلیٹ کے جعلی دستاویزات دکھانے سے کچھ نہیں ہوگا، اویس قادر شاہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے وزیرٹرانسپورٹ سید اویس قادرشاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے امریکا کے مبینہ اپارٹمنٹ کے جعلی دستاویزات دکھانے سے کچھ نہیں ہوگا۔ یہ بات انہوں نے وفاقی وزیر علی زیدی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کو جے آئی ٹی میں کچھ حاصل نہیں ہوا تو اب دوسرہ راستہ ڈھونڈ رہی ہے،وفاقی حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں سے توجہ ہٹانے کہ لیے ایسی حرکتیں کررہی ہے،وفاقی حکومت پیپلزپارٹی کے تیر سے گھبرائی ہوئی ہے۔اویس قادرشاہ نے کہا کہ وفاقی وزیروں کے بیانوں سے ایسے لگتا ہے جیسے پی ٹی آئی کی حکومت نے نیب کے دفاتر بھی بنی گالا منتقل کردیے ہوں،بنی گالا والوں کی سیاست شیخ رشید کے جھوٹے خوابوں سے شروع اور جہانگیر ترین کے جھاز تک ختم ہوتی ہے،وفاقی حکومت بتائے پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریاں دینے والے کہاں گئے؟بھت جلد احتساب کا جھاڑو بنی گالا کی طرف بھی گھومنے والا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جعلی دستاویزات دکھاکر وفاقی حکومت کیا ثابت کرنا چاہتی ہے۔ایسا لگتا ہے کہ پی ٹی آئی میں سیاسی لوگ کم اور جعلی دستاویزات بنانے والے بھت بیٹھے ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر