کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن آج ہوں گے

کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن آج ہوں گے

کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی سمیت سندھ میں ضمنی بلدیاتی الیکشن آج(اتوار)23دسمبرکو ہوں گے، کراچی کے 6 اضلاع میں چیئرمین، وائس چیئرمین اور کونسلرز نشستوں پر انتخاب ہوگا183امیدوار میدان میں ہیں ۔الیکشن کمیشن کے مطابق سندھ بھر میںآجہونے والے ضمنی بلدیاتی الیکشن کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور انتخابی سامان متعلقہ اضلاع میں پہنچا دیا گیا ہے۔کراچی سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں 65 نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخاب میں 5 لاکھ سے زائد مرد و خواتین ووٹر حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ضمنی بلدیاتی الیکشن کے لیے متعلقہ حلقوں میں 389 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں، 28 سو سے زائد انتخابی عملہ الیکشن میں ڈیوٹی دے گا۔اس کے علاوہ جن اضلاع میں انتخابات ہو رہے ہیں، ان میں انتخابی سامان کی ترسیل بھی مکمل ہو گئی ہے۔ کراچی کے چھ اضلاع میں 24مختلف کیٹیگری کے 183امیدوار میدان میں ہیں ۔ضلع غربی کے 4،ملیر کی 8،جنوبی کی6،ضلع وسطی کی 4،سینٹرل کی 2 ،اور کورنگی کی ایک نشست پر پولنگ ہوگی جبکہ سندھ کے دیگراضلاع کشمور، شکار پور، مٹیاری، ٹنڈو محمد خان اور سجاول میں116مختلف کیٹیگریز کی نشستوں پر 459امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔انتحابی مہم کے آخری روز پیپلزپارٹی، مسلم لیگ فنکشنل، پی ٹی آئی، مسلم لیگ، ایم کیو ایم، وحدت المسلمین، جماعت اسلامی، پی ایس پی اور دیگر جماعتوں کے امیدواروں نے کارنر میٹنگز سے خطاب کیا اور گھر گھر انتخابی مہم چلائی، یہ نشستیں منتخب ارکان کی وفات اور نااہلی اور اسمبلیوں میں جانے کے سبب خالی قرار دی گئی تھیں۔واضح رہے کہ کراچی میں چیئرمینز کی4 نشستیں رکن سندھ اسمبلی بننے والوں نے خالی کی ہیں۔

مزید : کراچی صفحہ اول