اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب کے چیف کوآرڈی نیٹر برائے مڈل ایسٹ کیپٹن عاصم ملک کا دورہ سیالکوٹ
دبئی (طاہر منیر طاہر) اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے چیف کوآرڈی نیٹر برائے مڈل ایسٹ کیپٹن عاصم ملک نے ضلع سیالکوٹ کے اوورسیز پاکستانیز سے ملاقات کرنےا ور ان سے مسائل جاننے کے لئے ضلع سیالکوٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے دنیا کے مختلف خصوصاً گلف ممالک میں کام کرنے والے لوگوں سے ملاقات کی۔
کیپٹن عاصم ملک نے بتایا کہ انہیں ضلع سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے اپنے مسائل کے حل کے لئے رابطہ کیا تھا۔ بذریعہ فون رابطہ پر اس قدر تفصیل سے مسائل کا ادرکا نہیں کیا جاسکتا تھا لہٰذا انہوں نے بذات خود ملنے کا فیصلہ کیا اور ان کے مسائل معلوم کئے۔ کیپٹن عاصم ملک نے کہا کہ گلف ممالک میں پاکستانیوں کی ایک کثیر تعداد کام کررہی ہے اور یہ پاکستانی مختلف مسائل سے دوچار ہیں۔ گلف ممالک میں قائم پاکستانی سفارتخانے اور قونصل خانے اپنی استعداد کے مطابق اوورسیز پاکستانیز کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرتے ہیں تاہم کچھ مسائل ایسے ہوتے ہیں جو ان کے دائرہ کار سے باہر ہوتے ہیں۔ ایسے مسائل کے حل کے لئے حکومت پنجاب نے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب OPC قائم کیا ہے جس کا مرکزی دفتر لاہور میں ہے۔ یہ ادارہ انتہائی فعال ہے جو اوورسیز پاکستانیز کے مسائل سرعت کے ساتھ حل کررہا ہے۔ زیادہ تر اوورسیز پاکستانیز کو جائیدادوں اور ز مینوں کے مسائل درپیش ہیں جن پر ان کے ہی عزیز و اقارب نے قبضہ کرلیا ہوا ہے جبکہ مختلف اداروں میں بھی اوورسیز پاکستانیز کے کام پھنسے ہوئے ہیں جو اوورسیز پاکستانیز کمیشن کے تعاون سے حل ہورہے ہیں۔ ضلع سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے مساءل زدہ پاکستانیوں کے مسائل کو بھی OPC میں لیجایا جارہا ہے جہاں ان کا بہترین حل نکالا جائے گا۔
عاصم ملک نے مزید کہا کہ وہ بہت جلد پاکستان کے دیگر اضلاع کا بھی دورہ کریں گے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل ذاتی دلچسپی سے حل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو چاہیے کہ جائیداد اور زمینوں کے لین دین کے سلسلہ میں پاور آف اٹارنی سوچ سمجھ کر دیں تاکہ مسائل پیدا نہ ہوں۔ کیپٹن عاصم ملک نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کو چاہیے کہ وہ OPC کی ویب سائٹ کا وزٹ کریں اور وہاں موجود سہولتوں سے فائدہ اٹھائیں تاہم اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی خدمت کے لئے ہمہ تن موجود ہے۔