بہن بھائی نے وہ کام کر کے 88 کروڑ روپے کما لئے جس سے تمام والدین اپنے بچوں کو منع کرتے ہیں

بہن بھائی نے وہ کام کر کے 88 کروڑ روپے کما لئے جس سے تمام والدین اپنے بچوں کو ...
بہن بھائی نے وہ کام کر کے 88 کروڑ روپے کما لئے جس سے تمام والدین اپنے بچوں کو منع کرتے ہیں

  

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) تمام والدین اپنے بچوں کو باہم لڑائی جھگڑے، موبائل فونز کے زیادہ استعمال سمیت کئی طرح کے کاموں سے سختی سے منع کرتے ہیں لیکن آپ یہ سن کر دنگ رہ جائیں گے کہ برطانیہ میں ایک بہن بھائی نے وہی کام کرتے ہوئے 50لاکھ پاﺅنڈ (تقریباً 88کروڑ روپے)کی دولت کما لی ہے۔

میل آن لائن کے مطابق جوئی سگ اور زوئیلا سگ نامی اس بہن بھائی نے کم عمری میں ہی یوٹیوب پر ایک چینل بنایا اور اپنے لڑائی جھگڑے، باہم سائیکل ریس حتیٰ کہ مقابلے پر دانت برش کرنے جیسی ویڈیوز بنا کر اس چینل پر پوسٹ کرنی شروع کر دیں جو لوگوں میں اس قدر مقبول ہوا کہ اب تک اسے 1کروڑ 20لاکھ لوگ سبسکرائب کر چکے ہیں۔ اب بھی وہ ہر طرح کی ویڈیوز کی بھرمار کیے رکھتے ہیں تاہم سائیکلوں کی جگہ اب تیزرفتار کاروں نے لے لی ہے۔

جوئی اور زوئیلا دورافتادہ قصبے لیکوک میں پیدا ہوئے، جہاں سے سکینڈری سکول جاتے ہوئے انہیں 4میل کا فاصلہ طے کرنا پڑتا تھا۔ ان کا باپ پراپرٹی ڈویلپر تھا اور والدہ ’نیل ٹیکنیشن‘ تھی۔ اس طرح کے دیہاتی ماحول کے باوجود ان بچوں نے ٹیکنالوجی کے ذریعے اتنی دولت اور ایسی شہرت کمائی کہ اب برطانیہ ہی نہیں دنیا بھر میں کروڑوں لوگ انہیں پہچانتے ہیں اور وہ سیلبریٹیز بن چکے ہیں۔

کچھ عرصہ قبل ان کی والدہ نے بھی چاندی کے زیوارت کا ایک برانڈ متعارف کروایا اور وہ بھی ان بہن بھائیوں کی بدولت برطانیہ میں بہت مقبول ہو چکا ہے۔ جوئی اور زوئیلا کے دوست انہیں برطانیہ کی کارڈیشیئنز (Kardashians)قرار دیتے ہیں۔ امریکہ کی کارڈیشین سسٹرز نے بھی ان کی طرح کم عمری میں بہت زیادہ دولت و شہرت پا کر دنیا کو حیران کر دیا تھا۔

مزید : ڈیلی بائیٹس