کشمیر میں قتل و غارت اور بلاجواز گرفتاریاں قابل مذمت،بھارت کا مکروہ چہرہ کھل کر سامنے آ چکا:حافظ عبد الغفار روپڑی

کشمیر میں قتل و غارت اور بلاجواز گرفتاریاں قابل مذمت،بھارت کا مکروہ چہرہ ...
 کشمیر میں قتل و غارت اور بلاجواز گرفتاریاں قابل مذمت،بھارت کا مکروہ چہرہ کھل کر سامنے آ چکا:حافظ عبد الغفار روپڑی

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) کشمیریوں کی تحریک آزادی کو طاقت کے زور سے نہیں دبایا جا سکتا، غنڈہ گردی اور بربریت کی بدترین مثالیں قائم کرنے والے بھارت کا مکروہ چہرہ پوری دنیا کے سامنے کھل کر آ چکا، کشمیر میں جاری بھارتی جبر و تشدد، قتل و غارت گری، حریت قیادت کی بلاجواز اور غیر قانونی نظر بندیاں اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں، عالمی برادری بے حسی اور خود غرضی کو چھوڑ کر کشمیریوں کو حق خود ارادیت دلوانے کیلئے کردار ادا کرے۔

ان خیالات کا اظہار جماعت اہلحدیث پاکستان کے امیر حافظ عبدالغفار روپڑی نےسعودی عرب دورہ سے واپسی پر جامعہ دارالقدس چوک دالگراں لاہور میں تنظیمی اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا عبدالوہاب روپڑی، مولانا شکیل الرحمن ناصر، مولانا پروفیسر عبدالمجید، مولانا عبدالوحید جانباز سمیت جماعت کے دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ گفتگو کرتے ہوئے حافظ عبدالغفا رروپڑی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صدارتی راج کے نفاذ کا مقصد بھارتی قابض فوج کی ظلم و بربریت کی کارروائیوں کو تیز کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہہ رگ ہے،پاکستانی عوام کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں،نظریاتی اور کلمہ کی بنیاد پر بننے والا یہ رشتہ مضبوط اور گہرا ہے،کشمیریوں کی حق خودارادیت اور بھارتی بربریت کی شدید مذمت کیلئے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو ٹیلیفون کو سراہتے ہوئے حافظ عبدالغفار روپڑی نے کہا کہ پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کے سربراہان مسلمان بھائیوں کا ساتھ دینے کیلئے عالمی سطح پر آواز بلند کریں،امت مسلمہ کا اتحاد ہی تمام تر مسائل کا واحد حل ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام اور اس کے ماننے والوں کیخلاف گھیرہ تنگ کرنے کیلئے دشمن اسلام متحد ہو چکے ہیں اور پوری دنیا میں مسلمانوں کو اذیتیں اور تکلیفیں دینے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے،مقبوضہ کشمیر میں خون کی ہولی کو رکوانے کیلئے اقوام متحدہ سمیت دیگر انسانی حقوق کی تنظیمیں اقدامات اقدامات کریں۔

مزید : علاقائی /پنجاب /لاہور