کرسمس ایونٹ، چرچ کی سیکیورٹی پر تعینات رضاکاروں کو ٹریننگ
لاہور (کرائم رپورٹر)ڈسٹرکٹ پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں گزشتہ ہفتے کے دوران کرسمس کی سکیورٹی کے حوالے سے گرجا گھروں پر چیکنگ کیلئے تعینات کئے جانے والے رضاکاروں کو ٹریننگ دی گئی۔ رضاکاروں کو باڈی سرچ، میٹل ڈٹیکٹرز کے استعمال اور ویپن ہینڈلنگ کے متعلق ٹریننگ دی گئی۔ ایس پی ہیڈ کوارٹرز سید کرار حسین کی زیر نگرانی پولیس افسران کے تفتیش کامعیار مزید بہتر بنانے کے لئے '' امپرومنٹ آف انویسٹی گیشن''کورس بھی کا آغاز کیا گیا۔ پولیس لائنز میں 74ٹی ایس آئیز اور ٹی اے ایس آئزکو چھ ہفتوں پر مشتمل بیسک B" "کورس مکمل کروایا گیا۔ سکیورٹی ڈویژن میں تعینات 105 جبکہ گاردات کے 19پولیس جوانو ں کو فائر پریکٹس بھی کروائی گئی۔ فائر پریکٹس کے دوران اہلکاروں کو بریٹا پسٹل اور ایس ایم جی گن کے 10،10 راونڈ فائر کرائے گئے۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے اتوار کو شہر کے مختلف گرجا گھروں کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نیلا گنبد چرچ، کیتھیڈرل چرچ پرانی انارکلی اور ریگل چوک پر گرجا گھروں میں کرسمس کے موقع پر مسیحی عبادتگاہوں کی سکیورٹی چیک کی۔ انہوں نے سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات لاہور پولیس کے افسروں، جوانوں سے ملاقات کی انہیں ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس سروسز کے وقت گرجا گھروں پر واک تھرو گیٹس لازمی نصب کئے جائیں۔ سی سی ٹی وی کیمرے بھی فعال حالت میں رہنے چاہئیں۔ سربراہ لاہور پولیس نے مسیحی بشسپس اور پادری صاحبان سے بھی ملاقات اور انہیں کرسمس کی پیشگی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ کرسمس کے مقدس تہوار کی آمد آمد ہے۔ اس موقع پر مسیحی عبادتگاہوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں۔ سی سی پی او ذوالفقار حمید نے ایس پی سول لائنز کیپٹن (ر) دوست محمد کو ہدایت کی کہ کرسمس کی شب ہونے والی سروسز کے موقع پولیس ہر طرح سے الرٹ رہے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اعادہ کیا کہ کرسمس کے دنوں اور نیوائیر کے مواقع پر لاہور پولیس تفریحی مقامات پر بھی سکیورٹی انتظامات یقینی بنائے گی۔