ریفائنری لمیٹڈ کے عمومی منافع میں 2178 فیصد کا نمایاں اضافہ
اسلام آباد (اے پی پی)رواں مال سال میں پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان ریفائنری لمیٹڈ (پی آر ایل) کے عمومی منافع میں 2178 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو بھیجے گئے کمپنی کے مالیاتی اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2019ء کے دوران پی آر ایل کا عمومی منافع 1002 ملین روپے تک پہنچ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا ستمبر 2018ء کے لئے کمپنی کا گراس پرافٹ 44 ملین روپے رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی تین ماہ کے دوران پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کے عمومی نفع میں 958 ملین روپے یعنی 2178 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی کے عمومی منافع میں اضافہ کے نتیجہ میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے لئے پی آر ایل کو 181 ملین روپے کا خالص نفع حاصل ہوا ہے
جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران پاکستان ریفائنری لمیٹڈ کو 420 ملین روپے کا بعد از ٹیکس خسارہ ہوا تھا۔ اس طرح بعد از ٹیکس منافع کے حصول کے نتیجہ میں جولائی تا ستمبر 2019ء کے لئے کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 059 روپے تک پہنچ گئی جبکہ جولائی تا ستمبر 2018ء کے لئے پی آر ایل کو 1.37 روپے کا بعد از ٹیکس فی حصص خسارہ برداشت کرنا پڑا تھا۔