حکومت ڈیجیٹل اکانومی کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ دور کریگی:صادق سنجرانی
اسلام آباد (آن لائن) چین پاکستان اکنامک اینڈ بزنس کونسل نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے اسلام آباد میں پہلا ورلڈ ڈیجیٹل ٹریڈ سمٹ منعقد کیا جس میں پاکستان اور چین کی بزنس کمیونٹی نے شرکت کی۔ سینٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی مہمان خصوصی تھے جبکہ سنیٹر میاں محمد عتیق شیخ شریک میزبان تھے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر صبور ملک اور دیگر شخصیات بھی اس سمٹ میں موجود تھیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں ڈیجیٹل پاکستان ویژن کا اجراء کیا ہے جس کا مقصد پاکستان کو ایک ڈیجیٹل اکانومی کے طور پر فروغ دینا ہے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چین پاکستان اکنامک اینڈ بزنس کونسل کے اشتراک سے ڈیجیٹل بزنسز کو فروغ دینے کیلئے بھر پور کرشش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا روشن مستقبل ڈیجیٹل اکانومی سے وابستہ ہے کیونکہ اس کے فروغ سے پاکستان کے کاروباری اداروں اور خاص طور پر نوجوان انٹرپرنیورز کو عالمی مارکیٹ میں بہتر رسائی فراہم ہو گی اور پاکستان کی کمپنیاں ترقی کر کے گلوبل سطح پر اپنا نام پیدا کرنے کے قابل ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے پاس انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کے پیشہ وارانہ نوجوانوں کی کثیر تعداد موجود ہے اور ڈیجیٹل اکانومی کے فروغ سے ان کیلئے ترقی کی بہت سی نئی راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان ویژن کا مقصد یہ ہے کہ حکومت اور نجی شعبہ مل کر پاکستان کو تیزی سے ترقی کی طرف لے جائیں اور اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ تاجر برادری ان مقاصد کے حصول کیلئے حکومت کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔سمٹ کے مہمان خصوصی اور سینٹ کے چیئرمین محمد صادق سنجرانی اور شریک میزبان سنیٹر میاں محمد عتیق شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ موجودہ حکومت پاکستان کو ڈیجیٹل اکانومی کے طور پر فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے اور اس کی راہ میں آنے والی ہر رکاوٹ کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت نجی شعبے کو ڈیجیٹل کاروبار کو فروغ دینے کیلئے ہر طرح سے سہولت فراہم کرے گی تا کہ پاکستان جلد ایک ڈیجیٹل اکانومی بن کر ابھرے۔ اس موقع پر پاکستان اور چین کی تاجر برادری نے ڈیجیٹل شعبے میں جوائنٹ وینچرز اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے باہمی تعاون کے مختلف معاہدوں پر دستخط کئے۔
سنجرانی