کراچی،جناح ہسپتال میں 2لاشیں چھوڑ جانے کے کیس میں 4افراد گرفتار،سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی

کراچی،جناح ہسپتال میں 2لاشیں چھوڑ جانے کے کیس میں 4افراد گرفتار،سی سی ٹی وی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(این این آئی)کراچی میں جناح اسپتال میں 2 نوجوانوں کی لاشیں چھوڑنے کے کیس میں پولیس نے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، جن سے تفتیش کی جارہی ہے جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال میں نامعلوم افراد کی جانب سے دو افراد کی لاشیں چھوڑنے کے واقعہ میں پیش رفت ہوئی ہے اور پولیس نے سعیدآباد میں کارروائی کرتے ہوئے 4 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ذرائع کے مطابق کارروائی ٹیکسی اور رکشے کے نمبرز کا ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد عمل میں آئی ہے، حراست میں لئے گئے افراد سے مقتولین کے حوالے سے پوچھ گچھ کی گئی ہے، پولیس کا دعوی ہے کہ دونوں نوجوانوں کے قتل میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔سی سی ٹی وی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جمعہ کی شب  رات دس بجے جناح اسپتال میں کچھ ہی دیر کے وقفے سے دو مختلف لاشیں لائی گئیں، ایک بذریعہ ٹیکسی اور دوسری رکشہ میں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹیکسی میں دو افراد موجود تھے، جن میں سے ایک مبینہ طور پر ٹیکسی کا ڈرائیور ہے اور دوسرا کالے کپڑوں میں ملبوس شخص اسٹریچر تلاش کر کے لاتا ہے اور لاش کو ڈرائیور کی مدد سے اسپتال منتقل کر تا ہے جبکہ رکشہ میں لائی جانے والی لاش کے ساتھ تین افراد تھے اور نامعلوم افراد دونوں لاشیں ایمرجنسی میں لائے پھر لاپتہ ہوگئے۔ٹیکسی کا نمبرJL 0510 ہے جو کہ غلام مصطفی کے نام پر رجسٹرڈ ہے جبکہ پولیس کا ٹیکسی کے مالک سے رابطہ ہوا ہے، جس کا کہنا ہے کہ اس کا ڈرائیور ٹیکسی چلا رہا تھا۔دونوں متوفی لڑکوں کے ساتھ آنے والے دونوں افراد نے سیاہ شلوار قمیض پہنی ہوئی تھی، لاش کی منتقلی کے دوران سیاہ کپڑے پہنے افراد پریشان دکھائی دے رہے تھے، انھوں نے اس دوران فون بھی استعمال کیا۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ دونوں لاشیں ضلع غربی سے جناح اسپتال لائی گئی تھیں۔پولیس کے مطابق مرنے والے دونوں افراد نوعمر ہیں جن کی شناخت کے لئے بائیومیٹرک کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لئے لاشوں کے فنگر پرنٹس لیے جائیں گے۔دوسری جانب دونوں افراد کی لاشوں کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔ابتدائی پوسٹ مارٹم کے مطابق لاشوں پر کسی قسم کے تشدد کے شواہد نہیں ملے۔ایم ایل او جناح اسپتال ڈاکٹر پردیپ کمار کے مطابق دونوں افراد کی لاشیں زیادہ پرانی نہیں ہیں اور دونوں اسپتال پہنچنے سے ایک سے ڈیڑھ گھنٹے قبل جاں بحق ہوئے جبکہ لاشوں کو جناح اسپتال سے سردخانے منتقل کردیا گیا ہے۔
کراچی/ لاشیں 

مزید :

صفحہ آخر -