عبداللہ عبداللہ کو شکست،اشرف غنی دوبارہ افغانستان کے صدر منتخب

عبداللہ عبداللہ کو شکست،اشرف غنی دوبارہ افغانستان کے صدر منتخب

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کابل(مانیٹرنگ ڈیسک، نیو ز ایجنسیاں) افغانستان میں صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ موجودہ افغان صدر محمداشرف غنی نے سب سے زیادہ9 لاکھ23 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے اکثریت کے ساتھ کامیابی حاصل کرلی ہے اور دوسری مرتبہ ملک کے صدر منتخب ہوئے ہیں جبکہ مخالف اْمیدوار اور موجودہ چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے 7لاکھ20 ہزار سے زائد ووٹ حاصل کرکے ناکام رہے۔ اتوار کے روز افغان الیکشن کمیشن کی سربراہ مس حوا عالم نورستانی نے یہاں اخباری کانفرنس میں صدارتی انتخابات کے ابتدائی نتائج کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 70 سالہ افغان صدر محمداشرف غنی نے 28 ستمبر 2019 کو ہونے والے صدارتی انتخابات میں سب سے زیادہ 923868 ووٹ حاصل کئے جو ڈالے گئے ووٹوں کا 50.64 فیصد بنتاہے جبکہ59 سالہ چیف ایگزیکٹیوعبداللہ عبداللہ نے 39.52 فیصد کے تناسب سے720099 ووٹ لئے ہیں۔سابق مجاہدین کمانڈر‘سابق وزیراعظم اور حزب اسلامی کے سربراہ گلبدین حکمت یار نے 70243 ووٹ حاصل کئے جو کل ووٹوں کا 3.85 فیصد بنتا ہے۔نتائج کے  مطابق رحمت اللہ نبیل نے 1.80 فیصد کے تناسب سے33927 ووٹ حاصل کرلئے۔دریں اثنا ناکام اْمیدوار اور چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ نے انتخابی نتائج کو فراڈ قرار دے کر مستردکردیا ہے۔ یادرہے کہ2001 میں طالبان حکومت کے خاتمے کے بعد یہ افغانستان کے چوتھے صدارتی انتخابات ہیں۔ طالبان اقتدارکے خاتمے کے بعدپہلے انتخابات 2005‘دوسرے انتخابات 2009 اور تیسرے انتخابات2014 میں منعقدہوئے تھے جس کے بعدچوتھے افغان صدارتی انتخابات رواں سال20 اپریل کو منعقدہونا قرارپائے تھے تاہم امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث یہ انتخابات کئی بار ملتوی کرنا پڑے اوربالآخر تین ماہ قبل 28/ ستمبر2019 کو منعقدہوئے تھے۔افغان الیکشن کمیشن کے مطابق ان انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان 19/ اکتوبر2019 کو شیڈول تھا تاہم تین ماہ سے زائد طویل انتظار کے بعد اتوار کے روز صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا۔


اشرف غنی

مزید :

صفحہ اول -