وزیر اعظم گھریلو سطح پر گیس کی بلا تعطل فراہمی کی ہدایات دے چکے،فردوس عاشق
سیالکوٹ(مانیٹرنگ ڈیسک،این این آئی) وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت کا مکروہ چہرہ پاکستانی میڈیا کے ذریعے بے نقاب ہو رہا ہے۔ قائد اعظم نے آر ایس ایس کے انتہا پسند نظریے کو بھانپ لیا تھا،سیالکوٹ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہندوستان اندرونی انتشار کی توجہ میڈیا سے ہٹانا چاہتا ہے اسی لئے فالس فلیگ آپریشن کرسکتا ہے، عوام اور حکومت پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو پر کڑی تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ بلاول پہلے اپنی پارٹی میں جمہوریت لے کر آئیں۔،وہ ایک پرچی پر پارٹی چیئرمین بن کر سیاست میں آئے۔ اگر پیپلز پارٹی میں جمہوریت ہوتی تو فاطمہ بھٹو منتخب ہوتیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کو ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو صرف انتخابات اور ان کی برسی پر یاد آتے ہیں بلاول بھٹو ٹھیک کہتے ہیں کہ یہ وہ جمہوریت نہیں جس کے لیے ان کے کارکنوں نے قربانیاں دیں کیونکہ اب کرپشن کے لائسنس تقسیم نہیں کیے جاتے، گٹھ جوڑ کی سیاست دم توڑ چکی ہے اور خوانچہ فرش کے بینک اکاونٹ میں رات و رات کروڑوں روپے نہیں آتے۔بلاول کا دامن صاف ہے تو وہ نیب کے سوالوں سے گھبرا کیوں رہے ہیں؟انہوں نے کہا کہ گیس کی قیمتوں کے حوالے سے پراپیگنڈہ چل رہا ہے، ماضی کی حکومت کی ناقص گیس پالیسیوں کا ازالہ قوم بھگت رہی ہے، وزیر اعظم نے گیس کمپنیوں کو ہدایت کی ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس بلاتعطل فراہم کی جائے۔قبل ازیں اپنے ایک بیان میں وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے خود مدعی بن کر مشرف کے مقدمے کو خصوصی عدالت کے سپرد کیا اور اب چپ سادھ لی ہے۔مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ والد کی تیمار داری کے لیے سب وہاں موجود ہیں تو پتا نہیں مریم بی بی نرس کی حیثیت سے جانا چاہتی ہیں یا ڈاکٹر کی؟انہوں نے مزید کہا کہ دو بیانیوں میں پھنسی بلکہ دھنسی ن لیگ پھڑ پھڑا رہی ہے۔مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنی پارٹی اور ووٹرز کو چھوڑ کر بیرون ملک جانے کی مسلسل کوششیں کررہی ہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ 'کیا آپ ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دفن کر کے جارہی ہیں؟ مسلم لیگ (ن) جیسے ہی اپوزیشن نشستوں پر بیٹھتی ہے تو بیرون ملک روانہ ہونے کی کوشش کرتی ہے۔
فردوس عاشق