عثمان بزدار کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ،ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایت پر شدید برہم

 عثمان بزدار کا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ کا دورہ،ٹیسٹ باہر سے کرانے کی ...

  



لاہور(خصوصی رپورٹ)وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تونسہ شریف کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ نے مختلف وارڈز میں زیر علاج مریضوں کی عیادت کی-وزیراعلیٰ نے کارڈیک یونٹ کا بھی دورہ کیا-وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے مختلف وارڈ زاورشعبے دیکھے۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے توسیعی منصوبے کا بھی جائزہ لیا- وزیراعلیٰ نے زیر علاج مریض کی جانب سے طبی ٹیسٹ باہر سے کرانے کی شکایت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مریضوں کو ادویات اورمفت ٹیسٹ کی سہولت ہر قیمت پرہسپتال میں فراہم کی جائے۔آئندہ کسی مریض کو شکایت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال میں مریضوں اوران کے لواحقین سے بات چیت کی اور ان سے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا-وزیراعلیٰ کو تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال کے توسیعی منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے توسیعی منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔مریضوں نے وزیراعلیٰ سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ  سائیں پہلے دل کے علاج کیلئے باہر جانا پڑتا تھا،اب تونسہ میں آپ کی مہربانی سے علاج کروارہے ہیں۔جہاں پہلے دوائی نہیں ملتی تھی،اللہ کے فضل وکرم سے وہاں اب دل کے مریضوں کا بھی علاج ہورہاہے اورآپ کی قیادت میں پنجاب کے دور دراز علاقوں کے ہسپتالوں میں بہتری آ رہی ہے-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مریضوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہسپتالوں میں معیاری علاج تک عام آدمی کی رسائی ہمارا مشن ہے- شعبہ صحت کو بہتر بنانے کے لئے وسائل کی کوئی کمی نہیں -ہماری حکومت نے شعبہ صحت کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں 27فیصد اضافہ کیا ہے- 9ہسپتالوں کی تعمیر جاری ہے جس سے 9ہزار بیڈز کا اضافہ ہوگا-  تونسہ شریف میں پناہ گاہ کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ،یہ نیکی کاکام ہے او راس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تونسہ شریف میں پناہ گاہ کی زیر تعمیر عمارت کا دورہ کیا-وزیراعلیٰ کو پراجیکٹ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ یہ نیکی کاکام ہے او راس میں تاخیر نہیں ہونی چاہیے-پناہ گاہ کا منصوبہ بے گھر افراد کیلئے نعمت کے مترادف ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر پناہ گاہ پراجیکٹ کا دائرہ کار پورے پنجاب تک بڑھایا جا رہا ہے اوربے گھر افراد کو شدید سردی میں کھلے آسمان تلے نہیں سونا پڑے گا اور پنجاب کے جن شہروں میں پناہ گاہیں بن گئی ہیں وہاں پر ضرورت مند افرادکو سخت موسم میں باہر نہیں سونا پڑتا بلکہ ان کے لئے پناہ گاہ ایک ایسا سہارا ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں -وزیراعلیٰ نے کہاکہ  سڑکوں پر سونے والے افراد کو چھت اور کھانا فراہم کرکے ریاست اپنی ذمہ داری پوری کر رہی ہے۔ سابق ادوار میں معاشرے کے پسے ہوئے افراد کیلئے صلہ رحمی کی ایسی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انسانیت کی فلاح و خیر خواہی کیلئے خدمات سرانجام دینا ترجیحات میں اولین ہے۔وزیر اعظم عمران خان ہمہ وقت معاشرے کے عام طبقے کی فلاح اور بھلائی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میں ذاتی طور پر پناہ گاہوں کے تعمیر کے منصوبے کی نگرانی کر رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے تونسہ میں پناہ گاہ کے تعمیراتی کاموں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی- سردار عثمان بزدارنے لاہور کے بعض علاقوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیاہے-وزیراعلیٰ نے کمشنر لاہو رڈویژن،ڈپٹی کمشنر اور لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے-وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے اورسڑکوں پر کوڑا کرکٹ اٹھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کارلائے جائیں،مجھے شہر صاف ستھرا چاہیے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ صفائی کے انتظامات کے حوالے سے غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا-شہر کے بعض مقامات پر صفائی کے ناقص انتظامات دیکھ کر بہت افسوس ہواہے -متعلقہ محکموں اور ادارو ں کی ذمہ داری ہے کہ وہ صفائی کو یقینی بنائیں -

 عثمان بزدار

مزید : صفحہ اول


loading...