جاپان پاکستانی ہنرمند افرادی قوت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پرآج دستخط کریگا

جاپان پاکستانی ہنرمند افرادی قوت سے متعلق مفاہمتی یادداشت پرآج دستخط کریگا

  



اسلام آباد (آئی این پی) سمندر پار پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون سید ذوالفقار عباس بخاری نے کہا ہے کہ جاپان پاکستان سے 14 مختلف شعبوں کیلئے ہنرمند افرادی قوت درآمد کرے گا۔  اپنے ایک بیان میں انہوں نے  کہا ہے کہ جاپان چودہ مختلف شعبوں میں پاکستان سے ہنرمند افرادی قوت کی درآمد کے حوالے سے (آج)پیر کو اسلام آباد میں مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کرے گا۔انہوں نے کہا کہ مفاہمت کی اس یادداشت سے پاکستانی کارکنوں کو تعمیرات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، نرسنگ، مینوفیکچرنگ، انجینئرنگ اور دیگرشعبوں میں کام کرنے کے مواقع فراہم ہونگے۔ادھر جاپان کے سفیر Khuxinori Matsuda نے پیر کو دستخط کی جانے والی مفاہمت کی یادداشت سے متعلق اسلام آباد میں سید ذوالفقار عباس بخاری سے ملاقات کی۔فریقین نے تجارت، سیاحت اور افرادی قوت سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی۔جاپان کے سفیر نے کہا کہ پاکستان کے دور درازعلاقوں میں جاپانی زبان کے تین سے چھ ماہ کے کورس کرائے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کیلئے جاپان میں روزگار کے مواقع فراہم ہو سکیں۔

جاپان دستخط

مزید : صفحہ اول