مودی کا ہندواتا ایجنڈا خطے کیلئے خطرناک ہے،غلام سرور خان

  مودی کا ہندواتا ایجنڈا خطے کیلئے خطرناک ہے،غلام سرور خان

  



اسلام آباد(این این آئی) وفاقی وزیر ہوابازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ مودی کا ہندواتا ایجنڈا خطے کے لیئے خطرناک ہے،سرحدوں پر چھیڑ چھاڑ یا کسی بھی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کے لیئے افواج پاکستان اور پوری قوم تیار ہے،کشمیر میں لگائی گئی آگ سے بھارت خود بھسم ہو جائیگا،نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں،افواج پاکستان کی قربانیوں سے آج ملک میں امن ہے۔اتوار کو صحافیوں سے گفتگو میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ”گجرات کے قصائی“ کی جانب سے جو کھیل بھارت میں کھیلا جا رہا ہے اس نے پورے بھارت میں آگ لگا دی ہے،مودی اور آر ایس ایس کے نظریے سے پوری دنیا بھی واقف ہو چکی،مودی کے اقدامات سے پوری دنیا میں بھارت کا نام نہاد سیکولر چہرہ بے نقاب ہوا ہے،ہندواتا کے ایجنڈے نے پورے خطے کو خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔بندوق کے زور پر جو کچھ کشمیریوں کے ساتھ ہو رہا ہے عالمی ضمیر کو انگڑائی لینی چاہیے،خدشہ ہے کہ دنیا کی تاریخ کے طویل ترین کرفیو سے ایک نیا انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ کشمیری استقامت کے ساتھ مووی ہتھکنڈوں کے سامنے ڈٹے کھڑے ہیں،کشمیر سے آسام تک اب بھارتی مظالم کا پردہ چاک ہو رہا ہے،مودی ایجنڈے کے تحت ہونے والی حالیہ قانون سازی سے عالمی برادری متحرک ہوئی ہے،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت اندرونی انتشار سے توجہ ہٹانے کے لیئے سرحدوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کر سکتا ہے تاہم مودی سرکار کی جانب سے ایسی کوئی کوشش کی گئی تو پاکستان کے جانب سے منہ توڑ جواب دینے کے لیئے افواج پاکستان اور پوری قوم تیار بیٹھی ہے،جس طرح رواں سال فروری میں بھارت کو مہم جوئی کے بعد منہ چھپانے کے لیئے جگہ نہیں مل رہی تھی اسی طرح کسی بھی مس ایڈونچر کا جواب ملے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کو منصب سھنبالنے پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

غلام سرور

مزید : صفحہ اول