اجوکا انسٹیٹیوٹ کے طلبا کے کھیل ”ایمنا“ کی شاندار پذیرائی
لاہور(فلم رپورٹر)اجوکا انسٹیٹیوٹ نے نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کیلئے طنز و مزاح سے بھرپور نئے سٹیج ڈرامے ”ایمنا“ کے خصوصی شو کا جمعرات کی شام پنجابی کمپلیکس میں اہتمام کیا جسے معیاری اور تعمیری تھیٹر کے قدر دانوں نے بڑی تعداد نے دیکھا اور سراہا۔ ڈائریکٹر نروان ندیم کی ڈائریکشن میں بنے اس کھیل کو رائٹنگ کورس مکمل کرنے والی طالبہ زینب یوسف نے تحریر کیا تھا جس میں عشرت حسین نے ”ایمنا“ کا مرکزی کردار کمال مہارت سے نبھایا۔ کھیل ایک گھر میں کام کرنے والی ملازمہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعات کا احاطہ کرتا تھا جس میں ایلسا شبیر،کومل بھٹی،فہیم خان،فہد، سجاد اور زینب یوسف نے مختلف کردار بھرپور مہارت اور عمدگی سے ادا کئے۔ کھیل کے اختتام پر ڈائریکٹر جنرل پنجاب انسٹیٹیوٹ آف لینگوئج آرٹ اینڈ کلچر ثمن رائے، زارا سلمان اور اجوکا تھیٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہد ندیم نے نوجوان فنکاروں میں سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔شاہد ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ”ایمنا“ اجوکا انسٹیٹوٹ سے رائٹنگ اور ایکٹنگ کورس مکمل کرنے والے ہونہار طلباکی مشترکہ پیشکش ہے جس میں ایک سماجی کہانی کو دلچسپ پیرائے اور مکالموں کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر نروان ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ اجوکا تھیٹر نوجوان فنکاروں کی حوصلہ افزائی اور انہیں معیاری تربیت فراہم کرنے کیلئے مستقبل میں بھی ایسی پرفارمنسزکا اہتمام کرتا رہے گا۔