کراچی،صحت عامہ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کل ہوگی

کراچی،صحت عامہ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس کل ہوگی

  



کراچی(اکنامک رپورٹر)صحت عامہ سے متعلق بین الاقوامی کانفرنس منگل کومقامی ہوٹل میں منعقد ہوگئی،گورنر سندھ عمران اسماعیل کانفرنس کاافتتاح کریں گے۔کانفرنس میں دنیا بھر سے میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ایک ہزار سے زائد مندوبین شرکت کریں گے۔کانفرنس کا اہتمام میڈیکس انٹرنیشنل نامی تنظیم نے کیا ہے جو کہ دنیا کے 55 ممالک میں صحت عامہ سے متعلق فلاحی اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے.میڈیکس انٹرنیشنل کا قیام امریکہ میں قیام پذیر پاکستان کے مختلف میڈیکل کالجز سے تعلیم حاصل کرنے والے ڈاکٹروں نے کیا. یہ تنظیم اقوام متحدہ سے بھی سند یافتہ ہے.میڈیکس انٹرنیشنل کی یہ دسویں بین الاقوامی کانفرنس ہوگی. اس دفعہ تنظیم کے قیام کی سلور جوبلی بھی منائی جائے گی۔ یہ پہلی دفعہ ہے کہ اس تنظیم کی کوئی بین الاقوامی کانفرنس پاکستان میں منعقد کی جارہی ہے.اس سے پہلے یہ کانفرنس امریکہ، کینیڈا، برطانیہ، ایران، عراق اور باربیڈوس میں منعقد کی جا چکی ہے۔ اس دفعہ کانفرنس میں امریکا، برطانیہ، آئرلینڈ، سعودی عرب، ایران، جرمنی سویڈن، عراق اور متحدہ عرب امارات سے میڈیکل پروفیشنلز شرکت کر رہے ہیں۔کانفرنس کے ابتدائی سیشن کراچی کے ایک ہوٹل میں 24 سے 26 دسمبر تک منعقد ہوں گے جبکہ کانفرنس کا اختتامی سیشن 28 اور 29 دسمبر کو اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ کانفرنس کے شرکاء کے لیے اس موقع پر مختلف ثقافتی اور ادبی تقریبات بھی منعقد کی جائیں گی جن میں مہتا پیلس کراچی میں منعقد ہونے والا مشاعرہ قابل ذکر ہے۔کانفرنس کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے میڈیکس انٹرنیشنل کے بانی ڈاکٹر وجہیہ رضوی نے بتایا کہ کہ کانفرنس کا ایک خاص مقصد پاکستان میں موجود میڈیکل کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو ان کے آنے والے مستقبل ل کے حوالے سے آگاہی اور رہنمائی فراہم کرنا ہیتاکہ آگے جاکر وہ میڈیکل کے شعبے میں موزوں تخصیصی شعبہ اختیار کریں۔انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا ایک بڑا مقصد یہ بھی ہوگا کہ پاکستان میں سرکاری شعبے میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کو جدید تقاضوں کے ساتھ اہم آہنگ کیا جاسکے اور اس حوالے سے تکنیکی و پیشہ وارانہ تربیت فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بیرون ملک آباد پاکستان سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کی ایک بڑی تعداد اپنے آبائی وطن واپس آکر پیشہ ورانہ تربیتی پروگراموں میں شرکت کی خواہاں ہے۔ کانفرنس مختلف سیشنز پر مبنی ہوگی جو کہ میڈیکل کہ مختلف تخصیصی شعبوں سے متعلق ہوں گے۔ کانفرنس کا ایک سیشن خواتین کی صحت کی آگاہی دینے کے لیئے مخصوص ہوگا۔یاد رہے کہ اس وقت میڈکس انٹرنیشنل برکینا فاسو، ہیٹی، یونان، عراق، تنزانیہ، پاکستان، اور ان جیسے بہت سے ممالک میں صحت عامہ سے متعلق فلاحی اور امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔

مزید : صفحہ آخر /پشاورصفحہ آخر