نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے کابینہ کے 16 لوگوں کا ووٹ لیکن مریم کے معاملے پر تحریک انصاف کا کیا موقف ہے؟ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بتادیا

نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے کابینہ کے 16 لوگوں کا ووٹ لیکن مریم ...
نوازشریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے کابینہ کے 16 لوگوں کا ووٹ لیکن مریم کے معاملے پر تحریک انصاف کا کیا موقف ہے؟ وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے بتادیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں سب کی رائے یہ ہے، مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نہ نکلے۔کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی بیٹی مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز کا ٹرائل ہو رہا ہے اور وہ مشروط ضمانت پر ہیں لہٰذا ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکتا، مریم نواز اگر کسی دوسرے فورم سے اجازت لینا چاہتی ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔

جیو نیوز کے مطابق وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں سب کو مریم نواز کے معاملے پر بریف کیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان سمیت سب نے ان کا نام نہ نکالنے پر اتفاق کیا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اگر عدالت بھی مریم نواز کے حق میں فیصلہ دیتی ہے تو ہم اسے سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ حکومت کی پالیسی یہ ہے کسی کو این آر او نہیں ملے گا، این آر او کا مطلب سارے کیس ختم ہو جائیں اور سیاست کی اجازت مل جائے، مگر ابھی تک کوئی بری نہیں ہوا، سب کے کیس چل رہے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ میں اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دائر کی تھی۔درخواست میں مریم نواز نے استدعا کی تھی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں نام ڈالنے کا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے اور انہیں اس لسٹ سے نام ختم کرنے کے احکامات دیے جائیں۔اسی درخواست پر 9 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کو 7 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن گزشتہ روز تک حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔گزشتہ روز مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے ایک اور درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی تھی جس پر پیر 23 دسمبر کو سماعت ہوگی۔