بھارتی فوج کی ایل او سی پر غیرمعمولی نقل و حرکت،سرحد پر لگی باڑ کاٹ دی گئی،وزیرخارجہ

بھارتی فوج کی ایل او سی پر غیرمعمولی نقل و حرکت،سرحد پر لگی باڑ کاٹ دی ...
بھارتی فوج کی ایل او سی پر غیرمعمولی نقل و حرکت،سرحد پر لگی باڑ کاٹ دی گئی،وزیرخارجہ

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایل اوسی پربھارت کی خلاف ورزیاں بڑھ چکی ہیں ۔وہاںبھارتی فوج کی غیرمعمولی نقل وحرکت دیکھنے میں آرہی ہے۔ انٹیلی جنس اداروں نے ایل اوسی پرنئی پیشرفت کورپورٹ کیاہے اور یہ سارے عوامل امن وامان کیلئے خطرہ دکھائی دے رہے ہیں۔ سیزفائزخلاف ورزیوں میں اضافہ ہوچکا،سرحدپرلگی باڑکئی جگہ سے کاٹی گئی۔ساری صورتحال کے پیچھے ہمیں سوچاسمجھابھارتی منصوبہ دکھائی دے رہاہے۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق شاہ محمود نے کہاہے کہ مودی سرکارکے اقدامات سے بھارت میں کشیدگی عروج پرہے۔ بھارت کے مقبوضہ کشمیرمیں 5اگست کے اقدامات کاکوئی ساتھ نہیں دے رہا۔متنازعہ ترمیمی شہریت ایکٹ کیخلاف پوری دنیامیں بھارتی احتجاج کررہے ہیں۔احتجاج میں شامل لوگ سمجھتے ہیں مودی سرکارنے سیکولرانڈیاکانظریہ دفن کردیا۔احتجاج سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت ایل اوسی پرشرارت کرسکتاہے کیونکہ بھارت میں جاری احتجاج کوچھپاناان کی خواہش کے باوجودممکن نہیں ہے۔

شاہ محمود نے کہابھارتی آرمی چیف کابیان سب کے سامنے ہے۔ بھارتی وزیردفاع اوروزیرخارجہ کی واشنگٹن میں ملاقاتیں ہوئیں۔ وہ دوپلس دومیں بلاوجہ پاکستان کاتذکرہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہابھارت نے جنوری 2019 سے اب تک 3ہزارسے زیادہ بارایل اوسی کی خلاف ورزیاں کیں۔ایل اوسی کی خلاف ورزیوں میں 300 سے زیادہ لوگوں کونشانہ بنایاجاچکا۔امن واستحکام کاتحفظ سلامتی کونسل کے چارٹرمیں شامل ہے۔دنیاپوری طرح باخبر ہے کہ مودی سرکارکیاکر رہی ہے۔

شاہ محمودقریشی نے کہاخاموش رہنے والوں کوبتاناچاہتاہوں کہ یہ خاموشی خطرناک ہے۔یہ خاموشی پورے خطے کوخطرات سے دوچارکرسکتی ہے۔ جب 2ایٹمی طاقتیں آمنے سامنے ہوں توبات خطے تک محدودنہیں رہے گی بلکہ بہت دورچلی جائے گی اور اس کے اثرات عالمی سطح پرہوں گے۔

مزید : اہم خبریں /قومی