دلہن کو دیکھتے ہی دولہے کا شادی سے انکار، معاملہ پولیس تک جا پہنچا

Dec 23, 2024 | 07:55 AM

نئی دہلی (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست راجستھان کے جے پور سے مرزا پور کے ایک گاؤں میں شادی کے لیے بارات پہنچی ،جب شادی کی رسم شروع ہونے لگی تو دلہن کی شکل و صورت دیکھ کر دولہے نے شادی سے صاف انکار کر دیا۔

جے پور سے تعلق رکھنے والے ایک چھتریا خاندان بینڈ باجے کے ساتھ بارات لے کر مرزا پور کے راج گڑھ علاقے میں دلہن کے گھر پہنچا۔ دولہا اور اس کے اہل خانہ شادی کی تیاریاں مکمل کرکے خوشی خوشی تقریب میں شریک ہوئےتاہم، شادی سے کچھ وقت پہلے دولہے کو دلہن کے خاندان پر شک پیدا ہوا، جو وقت کے ساتھ گہرا ہوتا چلا گیا۔ 

یہ معاملہ باراتیوں اور دلہن کے خاندان کے درمیان تنازعہ کا باعث بن گیا جس کے بعد مقامی پولیس کو مداخلت کرنا پڑی، پولیس دونوں فریقین کو تھانے لے گئی۔پولیس نے دونوں خاندانوں سے پوچھ گچھ کے بعد دولہا اور اس کے اہل خانہ کو واپس جے پور بھیج دیا۔

یہ واقعہ دونوں خاندانوں کے لیے شدید مایوسی اور تنازعے کا سبب بنا۔ دلہن کے خاندان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام غیر ضروری اور ان کی عزت پر سوال اٹھانے کے مترادف ہے، جبکہ دولہے کے خاندان نے اس واقعے پر کوئی واضح بیان دینے سے گریز کیا۔یہ واقعہ شادیوں کے دوران پیش آنے والے غیر معمولی تنازعات کی ایک اور مثال بن گیا، جس نے مقامی سطح پر کافی توجہ حاصل کی۔

مزیدخبریں