ملک کے بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی

Dec 23, 2024 | 12:32 PM

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)محکمہ موسمیات نے ملک کے بعض مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی۔

نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشر قی پنجاب میں مطلع جزوی ابر آلو رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفبا ری ہو سکتی ہے۔

اسلام آباد اور گرد و نواح میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر بونداباندی کا پچیس فیصد امکان ہے۔

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور مطلع ابر آلود جبکہ مری، گلیات اور گرد و نواح میں موسم شدید سرد/ مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر ہلکی بارش/ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔سیالکوٹ، نارووال، گوجرنوالہ، لاہور، قصور، اوکاڑہ، فیصل آباد، بہاولنگر اور گرد و نواح میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ چند مقامات پر ہلکی بارش ہونے کی توقع ہے۔رات کے اوقات میں سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، منگلا، جہلم، راولپنڈی، لاہور، شیخوپورہ، ساہیوال، فیصل آباد، اوکاڑہ، ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان، ڈی جی خان اور گرد و نواح میں چند مقامات پر دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید سرد/مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ صبح کے اوقات میں صوابی، مردان، پشاور، نوشہرہ، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں چند مقامات پر دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔

کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ بعض مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

مزیدخبریں