لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) سانحہ 9 مئی میں ملوث ملٹری کورٹ سے سزا پانے والے مجرموں کی جیل منتقلی کا عمل جاری ہے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق ملٹری کورٹ کی جانب سے 9 مئی کیسز میں سزا یافتہ 11 مجرموں کو سینٹرل جیل لاہور منتقل کر دیا گیا، جیل منتقل ہونے والوں میں محمد عمران محبوب، علی شاہ، جان محمد، ضیا الرحمان، علی افتخار، عبدالہادی، داود خان، فہیم حیدر، محمد حاشر، محمد عاشق خان اور محمد بلاول شامل ہیں۔
قبل ازیں 25 میں سے 12 مجرموں کو کوٹ لکھپت جیل لاہور منتقل کیا گیا تھا اور اب مزید 11 کو لاہور سینٹرل جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے سانحہ 9 مئی میں ملوث 25 مجرموں کو سزائیں سنائی تھیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ جنرل کورٹ مارشل نے پہلے مرحلے میں 25 ملزمان کو سزائیں سنائیں، یہ سزائیں تمام شواہد کی جانچ پڑتال اور مناسب قانونی کارروائی کی تکمیل کے بعد سنائی گئی ہیں، سزا پانے والے ملزمان کو قانونی تقاضے پورے کرنے کیلئے تمام قانونی حقوق فراہم کئے گئے۔