پارلیمانی جمہوری نظام مذاکرات کے بغیر آگے نہیں چل سکتا: رانا ثناءاللہ

Dec 23, 2024 | 03:29 PM

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ پارلیمانی جمہوری نظام پولیٹیکل ڈائیلاگ کے بغیر آگے نہیں چل سکتا۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے پہلے دور کے اختتام کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ دونوں اطراف سے کھلے دل کیساتھ بیٹھے، وہ جو بات کرنا چاہتے ہیں کریں ہم بھی اپنا مو¿قف سامنے رکھیں گے، پولیٹیکل ڈائیلاگ سے ہی درمیانی راستہ نکلے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین ایک دوسرے کی بات سنیں اور پھر کوئی راستہ نکالیں، یہ نہیں ہوسکتا کہ کوئی 100 فیصد ایک دوسرے کی بات مان لے، اگر پی ٹی آئی ہمیں چورکہتی تھی توہم بھی بہت کچھ کہتے تھے، پارلیمانی جمہوری نظام پولیٹیکل ڈائیلاگ کے بغیر آگے نہیں چل سکتا۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ جب ہمیں سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا تھا تب بھی کہا تھا چارٹرآف اکانومی کریں، ہمارا آج بھی مو¿قف ہے پولیٹیکل ڈائیلاگ ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے۔
حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ سیاست میں نظریات مختلف ہوسکتے ہیں، ملکی مفاد میں ڈائیلاگ ہی کئے جاتے ہیں ، ڈائیلاگ کا شروع ہوناخوش آئند ہے،اپوزیشن کو کہا گیا کہ اپنا چارٹرآف ڈیمانڈ تحریری طور پر کمیٹی کے سامنے رکھیں۔
راجہ پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ سوشل میڈیا کو پاکستان کیخلاف استعمال کیا جانا افسوسناک ہے، اداروں اور پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا کو روکا جانا چاہئے۔ 

مزیدخبریں