اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اسد قیصر نے کہا ہے کہ حکومت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کا بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرانے کا مطالبہ منظور کر لیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری باقاعدہ بات چیت 2 جنوری سے ہو گی،یہ ہماری ابتدائی ملاقات تھی۔ ہم نے بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور سینئر ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کی مذاکراتی کمیٹی نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے، مذاکرات قومی اسمبلی کے سپیکر ایاز صادق کی زیرِ صدارت ہوئے۔
حکومتی کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، عرفان صدیقی، رانا ثناء اللّٰہ، نوید قمر، راجہ پرویز اشرف اور فاروق ستار جبکہ اپوزیشن کی کمیٹی میں اسد قیصر، حامد رضا اور علامہ ناصر عباس نے شرکت کی۔