اجالا پروگرام کے تحت دولاکھ سولر لیمپس طلبہ میں تقسیم

اجالا پروگرام کے تحت دولاکھ سولر لیمپس طلبہ میں تقسیم
اجالا پروگرام کے تحت دولاکھ سولر لیمپس طلبہ میں تقسیم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

موجودہ دور سائنس اور ٹیکنالوجی کا دور ہے ۔دنیا پر وہی قومیں حکمرانی کر رہی ہیں جنہوں نے سائنس اور ٹیکنالوجی پر عبور حاصل کیا ہے لیکن ہماری بد قسمتی ہے کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک ملک میں یکساں نظام تعلیم کا نفاذ نہیں کیاگیا۔اعلیٰ تعلیم غریب و نادار طالب علموں کی پہنچ سے باہر ہے ۔امراءکے بچے ایچی سن کالج (Nust)،بیکن ہاﺅس ،ایجوکیٹرز ،کیڈٹ کالجز ،امریکا ،برطانیہ اور یورپ کے مہنگے کالجوں اور یونیورسٹیوں میں پڑھتے ہیں مگرعام آدمی کے بچوں کا ان اداروں میں تعلیم حاصل کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا ۔سرکاری سکولوں میں بچوں کےلئے ٹاٹ بھی دستیاب نہیں ہوتے جبکہ کئی افراد غریبی اور مفلسی کی وجہ سے اپنے بچوں کو تعلیم دلوانے کی سکت بھی نہیں رکھتے ۔اسی طرح پاکستان میں مالی استعداد نہ رکھنے والے افراد کے بچوں پر مہنگے تعلیمی اداروں کے دروازے بھی بند ہیں ۔پاکستان میں تعلیم کمرشل ہو چکی ہے جس کے پاس جتنی زیادہ دولت ہوتی ہے اس کے بچے اتنے ہی ملک اور بیرون ممالک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں پڑھتے ہیں۔
خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے ناخواندگی کے خاتمے اور غریب شہریوں کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کرنے کےلئے تعلیمی ایمرجنسی کا اعلان کیا اور تعلیم دوست پالیسیاں بنائیں ۔دانش ماڈل سکول کا جال بچھایا جس میں غریب کابچہ بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ڈاکٹر،انجینئر ،اعلیٰ افسر اور جرنیل بنے گا ۔خادم پنجاب نے ملک میں بدترین لوڈشیڈنگ کی وجہ سے طلبہ کی تعلیمی سرگرمیاں متاثر ہونے سے بچانے کےلئے اور ان کی پڑھائی جاری رکھنے کےلئے ”اجالاپروگرام“کے تحت دو لاکھ دس ہزار سولر لیمپس قابل،محنتی،ہونہار طالب علموں میں میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا پروگرام شروع کیا ۔اس پروگرام کے تحت سرکاری سکولوں وکالجوں کے طلباءو طالبات میں سولر لیمپس تقسیم کئے جا رہے ہیں ۔اب طلبہ بجلی کی لوڈشیڈنگ میں بھی اپنی پڑھائی جاری رکھ سکیں گے کیونکہ ان کے والدین اندھیرے کی وجہ سے بچوں کی پڑھائی کےلئے پریشان تھے لیکن خادم پنجاب نے سولر لیمپس کا اجراءکر کے لاکھوں طلباءو طالبات کے دل جیت لئے اور ثابت کر دیا ہے وہ واقعی خادم پنجاب ہیںاور عوام کے دلوں پر راج کرتے ہیں۔
جنوبی پنجاب کے پسماندہ ضلع بہاولپور سے اجالاپروگرام کے تحت اسلامی یونیورسٹی میں ایک تقریب میں مفت سولر لیمپس کی تقسیم شروع کر کے خادم اعلیٰ نے ثابت کر دیا کہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح جنوبی پنجاب کی پسماندگی وناخواندگی کا خاتمہ ہے اور جنوبی پنجاب کے عوام کوبھی ترقی یافتہ اور خوشحال بنانا ہے ۔ اجالا پروگرام کے تحت سرکاری سکولوں کے جماعت نہم اور کالجوں کے فرسٹ ایئر میں ساٹھ فیصد یا زائد نمبر حاصل کرنے والے ،جماعت دہم اور سیکنڈ ایئر کے طلباءو طالبات کے علاوہ دانش ماڈل سکولوں ،دینی مدارس ،ٹیوٹا ووکیشنل ٹریننگ کونسل کے اداروں ،Peefسکالرز اور خصوصی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباءو طالبات میں بھی سولر لیمپس میرٹ کی بنیاد پر تقسیم کئے جائیں گے ۔ان سولر لیمپس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ اٹھارہ گھنٹے بلا تعطل بجلی کی ترسیل ممکن بنا سکتے ہیں ۔سولر لیمپس میں وزیراعلیٰ پنجاب ،وزراء،اراکین قومی وصوبائی اسمبلی کا کوٹہ مختص نہیں ہے صرف اور صرف میرٹ کی بنیاد پر قابل اور ذہین طلباءو طالبات میں سولر لیمپس تقسیم ہونگے جو گڈ گورننس کی ایک عمدہ مثال ہے ۔ایک طرف ملک میں کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم کئے جارہے ہیں عوام حکمرانوں کی عیاشیوں اور بدعنوانیوں سے تنگ آچکے ہیں لیکن اس کے برعکس پنجاب میں کرپشن کا خاتمہ کیاگیا اور میرٹ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے جس کی نہ صرف اندرون ملک بلکہ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل جیسے ادارے بھی تعریف کر رہے ہیں ۔
خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے پانچ ارب روپے کی خطیر لاگت سے تقریباً 4286ہائی سکولوں میں جدید کمپیوٹرز لیب قائم کی ہیں اس کے علاوہ 10 ارب روپے کی رقم سے پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ قائم کیا ہے جس کی بدولت 50 ہزار سے زائد پورے ملک کے طلباءو طالبات میں سکالر شپ تقسیم کئے گئے ۔حکومت پنجاب ٹاپ پوزیشن ہولڈرز طلباءو طالبات کو ہر سال نقد انعامات دے رہی ہے اور اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوانوں کےلئے یوتھ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا ہے اس پروگرام کے تحت ہر سال 50 ہزار نوجوانوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے 3 ماہ کےلئے انٹرن شپ پر رکھا جائے گا اور انٹرن شپ پروگرام کے تحت ہر امیدوار کو ماہانہ 10 ہزار وظیفہ بھی دیا جائیگا اس کےلئے پنجاب حکومت نے ایک ارب روپے کی رقم مختص کی ہے۔تعلیمی اداروں میں غیر نصابی صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کےلئے طلباءو طالبات میں صوبائی سطح پر مضمون نویسی اور تقریری مقابلوں کے علاوہ سپورٹس ایونٹس کا انعقاد بھی کیا جارہا ہے ۔نوجوان ملک و قوم کامستقبل ہوتے ہیں اور ان کی تربیت والدین کی بھی ذمہ داری ہوتی ہے ۔خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے تعلیم کے فروغ کےلئے جو انقلابی اقدامات شروع کئے ہیں وہ باقی صوبوں سمیت فاٹا ،آزاد کشمیر میں بھی شروع کرنے چاہئیں تاکہ پنجاب کی طرح ملک کے دیگر شہروں کے طلباءاور طالبات بھی لیپ ٹاپ سکیم ،دانش ماڈل سکول سسٹم ،یوتھ انٹرن شپ پروگرام اور اجالا پروگرام جیسے تعلیم دوست منصوبوں سے مستفید ہو سکیں اور آگے چل کر ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں ۔ ٭

مزید :

کالم -