الیکشن کمیشن، اورسٹیٹ بینک ڈیفالٹر اور ٹیکس چور ارکان اسمبلی کیخلاف ایکشن لیں، امین اللہ حسینی

الیکشن کمیشن، اورسٹیٹ بینک ڈیفالٹر اور ٹیکس چور ارکان اسمبلی کیخلاف ایکشن ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور ( جنرل رپورٹر ) آل پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات سید امین اللہ حسینی نے کہا ہے کہ اپنے اقتدار کی آخری سانسوں پر زندہ رہنے والی اسمبلیوں میں سینکڑوں بینک ڈیفالٹر اور ٹیکس چور اراکین دو بڑی سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی میں اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ چیف الیکشن کمشنر اور اسٹیٹ بینک ان کے خلاف آہنی ہاتھ استعمال کریں تاکہ قوم کا لوٹا ہوا سرمایہ اور اربوں کا ریونیو قومی خزانے میں جمع ہوسکے۔ اس امر کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صوبائی آفس میں کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ امین اللہ حسینی نے کہا کہ ریاست اور ریاستی اداروں کے شاہانہ اخراجات اور کرپشن کے باعث پاکستان ایک انتہائی کمزور ریاست کی شکل اختیار کرچکا ہے سیاستدانوں کی افواہ ساز فیکٹریوں کے باعث ہمارا معاشرہ بدترین خلفشار کا شکار ہوچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ استعماری ایجنڈے اور وڈیرہ شاہی کلچر پر مبنی ایک مربوط حکمت عملی کے تحت معیشت میں اس حد تک بگاڑ پیدا کردیا گیا ہے کہ کسی بھی وقت اندرونی یا بیرونی اور سیاسی سماجی جھٹکے سے ہماری معیشت تباہی سے دوچار ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر وطن عزیز کو معاشی‘ اقتصادی اور ثقافتی لحاظ سے مضبوط کرنے کیلئے سیاستدانوں کی طرف دیکھنے کی بجائے پاکستان کی سلامتی کا بیڑا خود اٹھانا چاہئے۔